بھارت کامنفی پروپیگنڈہ ناکام ہوگا ، پاکستان کو جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع مل جائے گی ، چوہدری محمدسرور

جمعرات 21 اکتوبر 2021 15:16

بھارت کامنفی پروپیگنڈہ ناکام ہوگا ، پاکستان کو جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع مل جائے گی ، چوہدری محمدسرور
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2021ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع کے معاملے پر10روزہ اپنا   دورہ یورپ مکمل کرلیا،یورپی پار لیمنٹ کے 4 نائب صدور سمیت 30سے زائد اراکین یورپی پارلیمنٹ ،اٹلی کے اراکین اسمبلی ،سینیٹرز،ہنگری اور آسٹر یا کے وزرا،اوورسیز پاکستانیوں سے ملاقاتیں کیں ، جبکہ انہوں نے اس دوران  اٹلی میں ''کشمیر کانفر نس ''اور ''ایک شام کشمیر کے نام ''تقریبات میں بھی شر کت کی۔

گور نر ہاوس لاہور سے جاری اعلامیہ کے مطابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور اپنا دورہ یورپ مکمل کر نے کے بعد واپس لاہور پہنچے گئے ہیں۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے اپنے دورہ یورپ کے دوران یورپی پار لیمنٹ کے 4 نائب صدور ڈاکٹر فابیو کاسٹلڈو،کر ل وینلوو،پیڈرو سلوا اور ہیڈی ہوٹالا سمیت 30سے زائد اراکین یورپی پار لیمنٹ کے علاوہ اٹلی ،ہنگری اور آسٹر یا میں اراکین اسمبلی،سینیٹرز اور وزرا سے بھی ملاقاتیں کیں جن میں پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع ،افغانستان میں امن کے لیے پاکستان کے کردار ،مسئلہ کشمیر و فلسطین ،پاکستان میں اقلیتوں کی مذہبی آزادی اور انکے تحفظ کے لیے اقدامات سمیت دیگر ایشوز پر بات چیت کی گئی ۔

(جاری ہے)

گور نر پنجاب کی یورپی پار لیمنٹ کی انسانی حقوق کی کمیٹی سمیت دیگر اہم کمیٹیوں کے سر براہان سے بھی اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں جبکہ ان ملاقاتوں کے دوران ای یو پاک فر ینڈ شپ کے چیئر مین پرویز اقبال لوسراورکوآرڈی نیٹر فاروق ارشد بھی گور نر پنجاب کے ہمراہ تھے۔ وطن واپسی پر گور نر ہاوس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ بھارت کا پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈہ ہر صورت ناکام ہوگا اور پاکستان کو ایک بارپھر جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع مل جائے گی ۔

اپنے دورہ یورپ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع ہمارے لیے چیلنج ہے ،بھارت اقلیتوں کے تحفظ سمیت دیگر معاملات پر یورپ میں پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کررہا ہے لیکن میں نے دورہ یورپ کے دوران تمام حقائق کو اراکین یورپی پار لیمنٹ سمیت دیگر لوگوں کے سامنے رکھاہے اور سب امن کے لیے پاکستانی کردار اور اقلیتوں کے تحفظ کے لیے کیے جانیوالے اقدامات کو سراہ رہے ہیں ۔

گور نر پنجاب نے کہا کہ پہلے بھی بھارت سمیت پاکستان دشمن قوتیں پاکستان کے لیے جی ایس پی  پلس سٹیٹس میں توسیع میں رکاوٹیں پیدا کرتی رہیں مگر ہم نے ایک ٹیم کے طور پر متحد ہوکر بھارت کے عزائم کو ناکام بنایا اور نہ صرف پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس سٹیٹس حاصل کیا بلکہ اس میں توسیع میں بھی کامیاب ہوئے ہیں اور اب بھی انشا اللہ پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع ہوجائے گی۔

چوہدری محمدسرور نے کہا کہ دنیا میں سب سے زیادہ اقلیتیں پاکستان میں محفوظ ہیں اورہیومین رائٹس کو بھی ملک بھر میں یقینی بنایا جارہا ہے،الحمد للہ پاکستان ایک پر امن ملک بن چکا ہے اور افواج پاکستان سمیت دیگر سکیورٹی فورسز اور عوام متحد ہوکر دہشت گردوں اور ان کے سہولت کا روں کا مکمل خاتمہ کر رہے ہیں مگر بھارت میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کا دہشت گردآر ایس ایس اور بھارت کی سیکورٹی فورسز بھی قتل عام کر رہی ہیں۔ یہ بات سو فیصد حقیقت ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا اس وقت تک خطے میں مکمل امن کا قیام ممکن نہیں ہوسکتا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں