پنجاب حکومت اور سول سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنے میں بیٹھے نابینا مظاہرین کے درمیان مذاکرات جزوی کامیاب

مظاہرین ایک دن کے لئے سول سیکرٹریٹ کے سامنے سے ناصر باغ منتقل ہونے پر رضامند ہوگئے ،احتجاج آج ختم ہونے کا امکان

جمعرات 21 اکتوبر 2021 22:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2021ء) پنجاب حکومت اور سول سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنے میں بیٹھے نابینا مظاہرین کے درمیان مذاکرات جزوی طور پر کامیاب ہوگئے ، احتجاج کرنے والے مظاہرین ایک دن کے لئے سول سیکرٹریٹ کے سامنے سے ناصر باغ منتقل ہونے پر رضامند ہوگئے ہیں، آج (جمعہ) وزیراعلیٰ کی حتمی منظوری کے بعد احتجاج ختم کئے جانے کا امکان ہے ۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیر سماجی بہبود سید یاور عباس بخاری نے نابینا افراد کی کمیٹی کے ارکان سے مذاکرات کئے۔ اس موقع پر سیکرٹری سوشل ویلفیئر حسن اقبال اور ڈائریکٹر جنرل شاہد نیاز بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے نابینا افراد کے تینوں مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے بتایا کہ 245 خصوصی افراد کو ڈیلی ویجز پر ملازمت کی سمری منظوری کے بھجوائی جا چکی ہے اور مزید قریباً 300 سے زائد افراد کی ملازمت کی بھی کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔

(جاری ہے)

سپیشل ایجوکیشن سے متعلق مسائل حل کئے جائیں گے اور ملازمتوں میں 3 فیصد کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ نابینا افراد کے لئے ماہانہ الاؤنس دو ہزار روپے سے بڑھا کر پانچ ہزار کیا جائے گا۔ بلائنڈ پرسنز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومتی وعدے پورا ہونے کا انتظار کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں