5ارب50کروڑ روپے کا تاریخ ساز پریزن پیکیج جیل نظام میں انقلابی اصلاحات کا پیش خیمہ ثابت ہوگا‘عثمان بزدار

1894کے فرسودہ قوانین اور قواعد و ضوابط کو تبدیل کیا جا رہا ہے، قیدیوں کو بنیادی حقوق دیکر مفید رکن بنانے پر توجہ دی جائے گی کم عمر قیدیوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا،محکمہ صحت ہر ماہ جیلوں میں قیدیوں کے چیک اپ کیلئے میڈیکل کیمپ لگائے گا جیل ملازمین کے سروس سٹرکچر کو بہتر بنا یا جا رہا ہے، ملازمین کو ایک اضافی بنیادی تنخواہ کے برابر پریزن سکیورٹی الائونس دیا جائیگا جیل وارڈن، ہیڈ وارڈن اور چیف وارڈن کی پوسٹوں کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری ، پیکیج سے قیدیوں اور ملازمین کے مسائل حل ہونگے

جمعہ 22 اکتوبر 2021 23:09

5ارب50کروڑ روپے کا تاریخ ساز پریزن پیکیج جیل نظام میں انقلابی اصلاحات کا پیش خیمہ ثابت ہوگا‘عثمان بزدار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تاریخ ساز پریزن پیکیج فرسودہ جیل نظام میں انقلابی اصلاحات کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ قیدیوں اورجیل عملے کیلئے 5ارب50کروڑ روپے کے تاریخی پیکیج کی مثال قیام پاکستان سے لے کر آج تک نہیں ملتی۔ 1894کے نظام کو127سال بعدبدل رہے ہیں ۔ قیدیوں کے ساتھ جیلوں میں جو سلوک ہوتا ہے وہ ناقابل بیان ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 127سالہ پرانے جیل قوانین اور قواعدوضوابط کو تبدیل کیا جارہاہے۔ قیدی انسان ہیں اوران کے بھی بنیادی حقوق ہیں۔ قیدیوں کومعاشرے کا مفید رکن بنانے پر توجہ دی جائے گی۔ پریزن پیکیج کے تحت قیدیوں کو میٹرس، کمبل اور تکیہ رکھنے کی اجازت ہوگی۔ موسم سرمامیں گرم پانی کیلئے جیلوں میں گیزرلگائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سیل اور بیرکس میں ائیرکولر، ایگزاسٹ فین، لائٹس اور اضافی پنکھے لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین قیدیوں کے ساتھ 6سال تک کے بچوں کیلئے تعلیم، تفریحی سہولیات اور ڈے کیئر سینٹر کا اہتمام کیا جائے گا۔ کم عمر قیدیوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔کم عمر قیدیوں کے استحصال کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔محکمہ صحت ہر ماہ جیلوں میں قیدیوں کے چیک اپ کیلئے میڈیکل کیمپ لگائے گا۔ قیدیوں کی سہولت کے لئے لنچ اورڈنر کے اوقات کار میں تبدیلی کردی گئی ہے ۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کی جیلوں میں ربیع الاول کی مناسبت سے عشرہ شان رحمت اللعالمینؐمنایا گیا۔ قیدیوں کے مابین تلاوت قرآن پاک، سیرت النبیؐ کے مختلف پہلوؤں پر تقریری اورنعت خوانی کے مقابلے ہوئے اور مقابلے میں نمایاں کارکردگی پر قیدیوں کو انعامات دیئے گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے قیدیوں کے ساتھ جیل ملازمین کو ریلیف دینے کیلئے خصوصی پیکیج دیاہے۔

جیل عملے کے سروس سٹرکچر کو بہتر بنا یا جا رہا ہے۔تنخواہوںو الائونسز کے ساتھ جیل ملازمین کو ایک اضافی بنیادی تنخواہ کے برابر پریزن سکیورٹی الائونس دیا جائے گا اور اس پیکیج پر تقریباً2 ارب 77 کروڑروپے خرچ ہوںگے۔ انہوں نے کہا کہ جیل وارڈن، ہیڈ وارڈن اور چیف وارڈن کی پوسٹوں کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دے دی ہے اور ان پوسٹوں کی اپ گریڈیشن پر 9 کروڑ 24 لاکھ روپے خرچ ہوںگے۔

محکمہ جیل خانہ جات کو 21 آپریشنل گاڑیاں دی جا رہی ہیں جس پر 10 کروڑ 64 لاکھ روپے صرف ہوںگے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء پیکیج کی طرز پر جیل شہداء کے مروجہ پیکیج میں اضافہ کیاہے۔ پنجاب پریزن سروس کے شہداء کے بچوں کو سرکاری ملازمت دی جائے گی۔ پنجاب پریزن فائونڈیشن کے اشتراک سے جیل ملازمین کے بچوں کو سکالرشپ، جہیز فنڈاور میڈیکل الائونس دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہر جیل کو 2، 2 جیل وین دی جائیں گی، 72 وین کی فراہمی پر 91 کروڑ 40 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ جیلوں میں موجود 287 پریزن وین کی مرمت اور بحالی کا کام کیا جا رہا ہے۔ وین میں قیدیوں کیلئے پنکھے، ایگزاسٹ اور نئی سیٹیں لگائی جا رہی ہیں جس پر 7کروڑ 17لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ تاریخ ساز پریزن پیکیج سے قیدیوں کے ساتھ جیل ملازمین کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے۔

آج تک کسی بھی حکومت نے قیدیوں اور جیل ملازمین کی حالت زار پر توجہ نہیں دی۔ تاریخی پریزن پیکیج سے فرسودہ نظام میں حقیقی تبدیلی آئے گی اور یہ پیکیج جیل نظام میں دوررس اورانقلابی تبدیلیوں کی بنیاد بنے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک پیکیج نہیں بلکہ قیدیوں اورجیل ملازمین کی ضروریات کو مدنظررکھ کر ریلیف کی فراہمی کا جامع پروگرام ہے۔

لاہور شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments