این اے 133 لاہور ضمنی الیکشن کی تیاریاں شروع

ن لیگ نے مرحوم پرویز ملک کی اہلیہ شائستہ پرویز کو ٹکٹ جاری کر دیا

muhammad ali محمد علی اتوار 24 اکتوبر 2021 00:17

این اے 133 لاہور ضمنی الیکشن کی تیاریاں شروع
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر2021ء) این اے 133 لاہور ضمنی الیکشن کی تیاریاں شروع، ن لیگ نے مرحوم پرویز ملک کی اہلیہ شائستہ پرویز کو ٹکٹ جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی پرویز ملک کی وفات کے بعد لاہور کی خالی ہونے والی نشست این اے 133 پر ضمنی الیکشن کے سلسلے میں تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے اپنی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

ن لیگ نے اپنی نشست واپس حاصل کرنے کیلئے مرحوم پرویز ملک کی اہلیہ شائستہ پرویز کو ٹکٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ہفتے کے روز شائستہ پرویز کے گھر پہنچ کر ان کے شوہر کی وفات پر تعزیت کی اور انہیں بتایا کہ پارٹی نے ضمنی الیکشن کیلئے انہیں ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور کے حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے 19 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ۔

ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے 19 امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جاری کیے گئے ہیں۔کسی امیدوار کی جانب سے الیکشن کمیشن آفس میں کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے جا سکے،کاغذات نامزدگی 25 اکتوبر شام چار بجے تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔26 اکتوبر کو آر او آفس امیدواروں کی ابتدائی فہرستیں جاری کرے گا ۔حلقے میں ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ5 دسمبر کوہو گی۔

جبکہ الیکشن کمیشن پنجاب نے پانچ دسمبر کو لاہور سے حلقہ این اے 133 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے پیش نظر حلقے میں ہر قسم کے تبادلوں اور تقرریوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس سلسلے میں جاری کئے گئے مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ پانچ دسمبر تک حکومتی وزراء مذکورہ حلقے میں کسی قسم کے ترقیاتی منصوبے کا اعلان نہیں کرے گا جبکہ اس حلقے کے افسران کے ہرقسم کے تقرر و تبادلے پر پابندی عائد ہوگی۔ وزراء 5 دسمبر تک حلقہ این اے 133 میں کسی ترقیاتی سکیم کا اعلان نہیں کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں