وزیراعلیٰ پنجاب نے حالات کو نازک قرار دیتے ہوئے اپوزیشن کو مشورہ دے دیا

موجودہ نازک حالات میں انتشار پھیلانے کی بجائے سنجیدہ سیاست کرنی چاہیئے ، موجودہ حالات میں منفی سیاست کی ذرا سی بھی گنجائش نہیں ہے۔ سردار عثمان بزدار کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 24 اکتوبر 2021 12:15

وزیراعلیٰ پنجاب نے حالات کو نازک قرار دیتے ہوئے اپوزیشن کو مشورہ دے دیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 اکتوبر 2021ء ) وزیراعلیٰ پنجاب نے حالات کو نازک قرار دیتے ہوئے اپوزیشن کو مشورہ دے دیا ، سردار عثمان بزدار کہتے ہیں کہ موجودہ نازک حالات میں انتشار پھیلانے کی بجائے سنجیدہ سیاست کرنی چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں منفی سیاست کی ذرا سی بھی گنجائش نہیں ہے ، نازک حالات میں قوم کوتقسیم کرنے کی کوشش قابل مذمت ہے ، اپوزیشن عناصر اپنے دور میں بھی عوام سے مخلص نہ تھے، نہ اب ہیں اور نہ آئندہ ہوں گے ، اس لیے اپوزیشن کا احتجاج بے معنی حیثیت رکھتا ہے ، ایسے عناصر صرف پوائنٹ سکورنگ کے لئے قومی مفادات کو داؤ پر لگارہے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے ملک بھر میں احتجاجی ریلیوں اور پہیہ جام ہڑتالوں کا اعلان کردیا ہے، صدر پی ڈی ایم اورسربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عوام مہنگائی کے پہاڑ کے نیچے دب گئی ہے، مہنگائی کو مزید برداشت نہیں کریں گے ، انہوں نے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اجلاس میں ملک بھر میں احتجاجی ریلیوں اور پہیہ جام ہڑتالوں کا فیصلہ کیا گیا ہے، صوبائی اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاج ہوں گے، کیوں کہ عوام مہنگائی کے پہاڑکے نیچے دب گئی ہے ، مہنگائی کو مزید برداشت نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اجلاس میں نیب آرڈیننس کو مسترد کردیا گیا ہے، نیب کا ادارہ ہی آمریت کی باقیات میں سے ہے، نیب ہمیشہ اپوزیشن کیخلاف سیاسی انتقام کے طور پر استعمال ہوا، نیب سے شفاف احتساب کی کوئی توقع نہیں ہے ، حکومت کی طرف سے الیکٹرانک ووٹنگ کا مسودہ مسترد کرتے ہیں، یہ آرٹی ایس کا دوسرا نام ہے، جو حکومت خود دھاندلی آئی ہو وہ اصلاحات کیا لائے گی؟ اس وقت پاکستان میں افغانستان کے ساتھ منسلک بارڈرز بند کردیے گئے ہیں اور سرحد پر عوام بری طرح متاثر ہورہے ہیں، بارڈرز کو فوری اوپن کیا جانا چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن کا مطالبہ عام انتخابات کا ہے، موجودہ حکومت کی زیرنگرانی بلدیاتی انتخابات کا کوئی جواز نہیں ہے ، پی ڈی ایم کی ریلیوں اور احتجاج کا سلسلہ جلد شروع ہوجائے گا ، آج ملک میں مہنگائی کا ایک پہاڑ ہے اس پہاڑ کے نیچے ترپٹی قوم کی چیخوں کو برداشت نہیں کریں گے اس کیلئے حکومت کیخلاف احتجاج کریں گے۔

لاہور شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments