مزید برداشت نہیں کریں گے‘ حکومت کے جانے کا وقت آ گیا ، شہباز شریف

مہنگائی پاکستان کا نمبر ون مسئلہ بن گئی ہے ، لوگ فاکہ کشی کرنے پر مجبور ہیں اور وزیر اعظم یوٹرن لے رہے ہیں ، ہمارا قافلہ نکل چکا ہے اور اب حکومت کو بے نقاب کریں گے۔ صدر ن لیگ کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 24 اکتوبر 2021 17:56

مزید برداشت نہیں کریں گے‘ حکومت کے جانے کا وقت آ گیا ، شہباز شریف
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 اکتوبر 2021ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت سے لوگ تنگ آ چکے ہیں ، مزید برداشت نہیں کریں گے، حکومت کے جانے کا وقت آ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی پاکستان کا نمبر ون مسئلہ بن گئی ہے ، لوگ فاکہ کشی کرنے پر مجبور ہیں اور وزیر اعظم یوٹرن لے رہے ہیں ، ہمارا قافلہ نکل چکا ہے اور اب حکومت کو بے نقاب کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ خطے پر سرد جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں اور افغانستان میں امن ہو گا تو اس کا فائدہ پاکستان سمیت پورے خطے کو ہو گا ، پاکستان کے دفاع پر ہم آنچ تک نہیں آنے دیں گے اور قوم کی دعا ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں حکومت کو معاشی تباہی اور مہنگائی کے ذریعے قومی سلامتی خطرے میں ڈالنے کا مجرم قرار دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ایک بار پھر میری بات سچ ثابت ہوئی کہ یہ حکومت عوام اور آئی ایم ایف دونوں کو دھوکہ دے رہی ہے اور جھوٹ بول رہی ہے ، اگر آئی ایم ایف کے ساتھ شرائط طے نہیں ہوئیں، مذاکرات آگے نہیں بڑھے تو پھر قیمتوں میں اضافہ کیوں کیا جارہا ہے؟ حکومت عوام اور پارلیمنٹ سے آئی ایم ایف کی شرائط کیوں چھپا رہی ہے ؟ شرائط نہیں مانیں تو پھر مہنگائی کیوں؟ مہنگائی میں مسلسل اضافہ اور آئی ایم ایف کی سلامتی وقومی اداروں کے بینک اکاﺅنٹس سے متعلق شرائط خطرے کی گھنٹی ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ یہ کون سے اچھے دن آئے ہیں کہ ہر روز چائے، چینی، آٹے، انڈے، دودھ، دہی، گھی، چاول، سبزیوں اور دوائی کی قیمت بڑھتی ہی جا رہی ہے؟ معاشی تباہی کی جلتی آگ پر مہنگائی تیل کا کام کررہی ہے، حکمرانوں کا ہر دن قومی سلامتی کے لئے خطرات اور خدشات بڑھا رہا ہے، موجودہ حکومت کی ناکامی پاکستان کے وجود اور مفادات کے لئے زہر قاتل بن چکی ہے ، حکومت سے نجات حاصل نہ ہوئی تو ناقابل تلافی نقصان ہوسکتا ہے ، اس لیے موجودہ پوری حکومت کو مکمل چھٹی دینے کی ضرورت ہے ، مسائل کی دلدل سے ملک کو نکالنے کے لئے سنجیدہ، قابل اور دیانت دار ٹیم کی ضرورت ہے، ثابت ہوچکا ہے کہ ملک اور قوم کے مسائل کو یہ حکومت حل نہیں کرسکتی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں