وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر شہریوں کو ان کی دہلیز پر کورونا ویکسین لگانے کی خصوصی مہم تمام اضلاع میں شروع

کورونا ویکسینیشن کی خصوصی مہم 12 نومبر تک جاری رہے گی ، روزانہ10 لاکھ شہریوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر‘عثمان بزدار پنجاب میں اب تک تقریباً 13 ہزار سے زائد افراد کورونا سے جاں بحق ، معیشت کو تقریباً 650 ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا شہریوں کو ان کے گھروں میں جا کر کورونا ویکسین لگائی جائے گی، ’’ریڈ‘‘ ویکسینیشن مہم کو کامیاب بنانے کیلئے 18ہزار ٹیمیں تشکیل

پیر 25 اکتوبر 2021 22:48

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر شہریوں کو ان کی دہلیز پر کورونا ویکسین لگانے کی خصوصی مہم تمام اضلاع میں شروع
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2021ء) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر شہریوں کو ان کی دہلیز پر کورونا ویکسین لگانے کی خصوصی مہم پنجاب کے تمام اضلاع میں آج سے شروع ہو گئی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں شہریوں کو ان کی دہلیز پر کورونا ویکسینیشن کی مہم’’ریڈ‘‘ریچ ایوری ڈور‘‘کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ویکسینیشن کی خصوصی مہم 12 نومبر تک جاری رہے گی اور روزانہ تقریباً 10 لاکھ شہریوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو کورونا کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔پنجاب میں اب تک تقریباً 13 ہزار سے زائد افراد کورونا سے جاں بحق ہو چکے ہیںاور پنجاب کی معیشت کو تقریباً 650ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

(جاری ہے)

جانی و مالی نقصان سے بچنے کیلئے ویکسینیشن اور احتیاط ضروری ہے۔پنجاب حکومت نے شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مہم شروع کی ہے۔شہریوں کو ان کے گھروں میں جا کر کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔ ’’ریڈ‘‘ ویکسینیشن مہم کو کامیاب بنانے کیلئے صوبہ بھرمیں 14ہزارنئے ویکسی نیشن سنٹرزقائم کئے ہیں۔شہریوں کو ان کی دہلیز پر ویکسیشنیشن کیلئے 18ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

خصوصی ٹیمیں ہر محلے اور گاؤں میں جا کرمفت ویکسین لگائیں گی۔ ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے مشترکہ کاوشیں کریں گی۔صوبائی وزراء،منتخب نمائندگان اور سماجی کارکنوں کو بھی مہم کی کامیابی کیلئے ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ کورونا سے نجات کا واحد حل ویکسینیشن ہے۔میری عوام سے اپیل ہے کہ ویکسین لازمی لگوائیں۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ، ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں