نوازشریف سے ملاقات کرنے والے کون ہیں، کیا مطالبات رکھے؟ سینئر لیگی رہنما نے بتا دیا

پاکستان کے اندر اور باہر سے بااثر لوگ نوازشریف سے ملاقاتیں کر رہے ہیں،وہ درخواست کر رہے ہیں کہ ملک کو مشکل حالات سے نکالنے کے لیے آپ کی مشاورت کی ضرورت ہے،آپ راضی ہو جائیں۔جاوید لطیف کا دعویٰ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 26 اکتوبر 2021 13:24

نوازشریف سے ملاقات کرنے والے کون ہیں، کیا مطالبات رکھے؟ سینئر لیگی رہنما نے بتا دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 اکتوبر 2021ء) : لندن میں موجود سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہم ملاقاتوں کا انکشاف ہوا ہے۔اسی حوالے سے مسلم لیگ ن کے رہنماء جاوید لطیف نے سماء ٹی وی کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف سے ملاقاتوں اور رابطوں کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر اور باہر با اثر لوگ نواز شریف سے رابطے میں ہیں، بااثر لوگوں کے رابطے آج کل زیادہ تیز ہیں۔

جاوید لطیف نے کہا کہ پاکستان کسی کی ضد کا متحمل نہیں ہوسکتا، پاکستان میں مایوسی کے حالات خانہ جنگی کی طرف جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف سے جن شخصیات نے زیادتیاں کیں وہ اب اعتراف کرتے نظر آ رہے ہیں اور میں یہ بتاتا چلوں کہ نوازشریف چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے۔

(جاری ہے)

نوازشریف سے رابطہ کرنے والے کون ہیں کہ سوال کا جواب دیتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ نواشریف سے رابطے کرنے والے پاکستان کے اندر و باہر کے لوگ ہیں،کیا ایسا ہو سکتا ہے کہ کوئی نواشریف کے پاس آئے اور وہ اس سے ملاقات نہ کریں۔

نوازشریف سے رابطہ کرنے والے لوگ ان سے کہہ رہے ہیں کہ آج پاکستان کو آپ کی ضرورت ہے۔آپ کی مشاورت لینا چاہتے ہیں کہ جس بھنور میں پاکستان کو آپ کی دشمنی میں پھنسایا گیا تو اگر آپ راضی ہوں تو اس مشکل سے ملک کو نکالا جا سکتا ہے۔جو شخص ملک کے لیے ، آئین قانون کی بالادستی کے لیے اپنی جان داؤ پر لگا دے ، اپنی بیٹی جیل بجھوا دے تو وہ ملک بچانے کے لیے ملاقات کرنے والوں سے ضرور ملا کرے گا۔

۔واضح رہے کہ معروف صحافی نعیم اشرف بٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ چند ماہ قبل شہباز شریف کو لندن جانے سے روکنے کے بعد اعلیٰ شخصیت نے ن لیگ اور نواز شریف سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ شخصیت نے نواز شریف کے ساتھ ملاقاتوں سے پہلے لندن میں موجود لیگی رہنماؤں اور شریف خاندان کے دیگر افراد سے ملاقاتیں بھی کی تھیں جبکہ ن ليگی رہنماؤں اور نواز شریف سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے اور دونوں اطراف تاحال کسی ڈیل تک نہيں پہنچے جبکہ مستقبل ميں بھی رابطے اور ملاقات کا امکان ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں