ٹیلی ویژن ڈراموں میں قابل اعتراض دکھانے کی معمانت کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے نجی ٹیلی ویژن چینلزکو غیر مناسب مناظر دکھانے پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا‘نجی ٹی وی چینل نے درخواست میں پیمرا کی پابندیوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قراردیدیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 26 اکتوبر 2021 13:48

ٹیلی ویژن ڈراموں میں قابل اعتراض دکھانے کی معمانت کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26 اکتوبر ۔2021 ) لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے ٹی وی ڈراموں میں غیر مناسب مناظر دکھانے پر پابندی کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست پر پیمرا کو نوٹس جاری کردیا ہے. جسٹس جواد حسن نے نجی ٹی وی چینل کی جانب سے پیمرا کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست پر سماعت کی درخواست میں نجی چینل کی جانب سے وفاقی حکومت ،پیمرا اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے مذکورہ درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ پیمرا نے ٹی وی ڈراموں میں غیر مناسب مناظر کو روکنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جو غیر قانونی ہے اور پیمرا آرڈینس کی خلاف ورزی ہے.

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا کہ پیمرا کے پاس ٹی وی چینلز کو ایسی ہدایت دینے کا کوئی اختیار نہیں ہے نجی چینل کی درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پیمرا کا اقدام بدنیتی اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی پر مبنی ہے درخواست میں کہا گہا کہ پیمرا کی جانب سے ایسی ہدایت جاری کرنا ذہنی بیماری کی عکاسی کرتا ہے. نجی چینل کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ سے پیمرا کی جانب سے پابندی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کا استدعا کی گئی ہے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے بیرسٹر احمد پنسوتا کو عدالتی معاون مقرر کیا اور پیمرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا.

خیال رہے کہ پیمرا نے 21 اکتوبر کو جاری کیے گئے نوٹی فکیشن میں ٹی وی چینلز کو ڈراموں اور شوز میں قابل اعتراض مواد نہ دکھانے کی ہدایت دی تھی پیمرا نے تمام ٹی وی چینلز کو ایک یاد دہانی کرائی ہے کہ نامناسب لباس اور قربت کے مناظر، حساس‘متنازع موضوعات پر مبنی قابل اعتراض ڈرامے‘مواد اور واقعات کی غیر ضروری تفصیل نشر نہ کریں. پیمرا کے مطابق یہ سب ناظرین کے لیے انتہائی پریشان کن ہے اور عام طور پر قبول شدہ معیار کے خلاف ہے انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈراما انڈسٹری کے موجودہ رجحانات پر پیمرا کو نہ صرف پاکستان سٹیزن پورٹل (پی سی پی) اور پیمرا شکایات کال سینٹر و فیڈ بیک سسٹم پر عام لوگوں کی جانب سے متعدد شکایات موصول ہو رہی ہیں بلکہ سوشل میڈیا‘واٹس ایپ گروپس پر تنقید بھی کی جا رہی ہے پیمرا نے کہا کہ معاشرے کا ایک بڑا طبقہ اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ ڈرامے پاکستانی معاشرے کی حقیقی تصویر پیش نہیں کر رہے ہیں.


لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں