معاشی تباہی جوہری پاکستان اور اس کے سلامتی کے مفادات کے لئے زہرقاتل ہے‘ شہباز شریف

جب وزارت خزانہ مشیر خزانہ کے بیان کی تردید ، جھوٹے اعدادوشمار دئیے جائیں تو پھر معیشت کا ایسے ہی دھڑن تختہ ہوتا ہے

ہفتہ 27 نومبر 2021 15:08

معاشی تباہی جوہری پاکستان اور اس کے سلامتی کے مفادات کے لئے زہرقاتل ہے‘ شہباز شریف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے ڈالر کی تاریخی بلندی کو معاشی تباہی کے طوفان کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈالر کی تاریخی بلندی اور روپے کی گرتی قدر ملک میں حکومت اور درست معاشی پالیسی نہ ہونے کا ثبوت ہے ،جب وزارت خزانہ اپنے مشیر خزانہ کے بیان کی تردید کرے، جھوٹے اعدادوشمار دئیے جائیں تو پھر معیشت کا ایسے ہی دھڑن تختہ ہوتا ہے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ریکارڈ تجارتی خسارہ ملکی معاشی تباہی کے خطرناک اشارے ہیں، کرنٹ اکائونٹ خسارہ کی بلند ترین سطح معاشی غلط سمت کی بین دلیل ہے ،قرض، مہنگائی، خسارے، ڈالر ہر چیز ریکارڈ توڑ چکی ، ملک میںاگر عوام کی منتخب حکومت ہوتی تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی ،ملک کو جس معاشی کھائی میں دھکیل دیاگیا ہے، جلد کچھ نہ کیاگیا تو واپسی بھی ناممکنات میں سے ایک مسئلہ بن جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یکم دسمبر سے مزید قیامت خیز مہنگائی آنے والی ہے، ڈالر کی پرواز مہنگائی کی جلتی آگ پر تیل کا کام کررہی ہے ،معاشی تباہی جوہری پاکستان اور اس کے سلامتی کے مفادات کے لئے زہرقاتل ہے، خدارا آنکھیں کھولی جائیں ،معاشی تباہی سے ایسا طوفان اٹھے گا جس میں ہم فیٹف اوردیگر درپیش مسائل بھول جائیں گے ،پاکستان کی محب وطن قوتیں معاشی وعوامی تباہی پر حب الوطنی کے جذبے سے سوچ بچار کریں کیونکہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے۔

لاہور شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments