صرف ایک ہفتے کے دوران ون وے کی خلاف ورزی میں 90فیصد سے زائد کمی

جرمانے میں اضافہ کرنے اور قانون پر سختی سے عمل درآمد کروانے کے نتیجے میں شہری قانون کی خلاف ورزی سے باز آگئے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 27 نومبر 2021 22:08

صرف ایک ہفتے کے دوران ون وے کی خلاف ورزی میں 90فیصد سے زائد کمی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 نومبر2021ء) قانون پر سختی سے عمل درآمد کے نتیجے میں صرف ایک ہفتے کے دوران ون وے کی خلاف ورزی میں 90فیصد سے زائد کمی آگئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے شہر میں ون وے قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کیخلاف کریک ڈاون کا آغاز کر رکھا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جرمانے میں اضافہ کرنے اور قانون پر سختی سے عمل درآمد کروانے کے نتیجے میں شہری قانون کی خلاف ورزی سے ڈرنے لگے ہیں۔



سٹی ٹریفک پولیس لاہور کے ٹوئٹر اکاونٹ پر جاری ایک پیغام میں دعویٰ کیا گیاہے کہ صرف ایک ہفتے کے دوران شہر میں ون وے قانون کی خلاف ورزی میں 90 فیصد سے زائد کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ سٹی ٹریفک پولیس نے عوام کے نام پیغام میں کہا ہے کہ ون وے کی خلاف ورزی ٹریفک حادثات کی بڑی وجہ ہے۔

(جاری ہے)

ایسے روڈ یوزرز کسی رعایت کے مستحق نہیں جو اپنی اور دوسروں کی جان خطرئے میں ڈالیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے 2 ہزار روپے بھاری جرمانے کے حکم کے بعد شہریوں نے ون وے ٹریفک کے قانون پر عملدرآمد کرنا شروع کر دیا ہے۔ ون وے کی خلاف ورزی پر عائد جرمانے میں 900 فیصد اضافہ کیا گیا، جس کے بعد اب ٹریفک پولیس کی جانب سے 200 کی بجائے 2 ہزار روپے کا جرمانہ کیا جا رہا ہے۔ جاری اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران لاہور شہر مں 03 ہزار 851 ہزار سے زائد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو 2 ہزار روپے فی کس جرمانہ کیا گیا۔ اس حوالے سے سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے واضح کیا ہے کہ عدالتی احکامات پر من و عن عملدرآمد کروایا جائے گا، ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی خودکشی کے مترادف ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں