لاہور ؛ پتنگ کی ڈور گردن پر پھرنے سے 23 سالہ نوجوان جان کی بازی ہار گیا

اسد نامی نوجوان شاپنگ مال سے ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد موٹر سائیکل پر گھر جارہا تھا کہ کٹی پتنگ کی ڈور اس کی گردن پر پھر گئی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 28 نومبر 2021 12:37

لاہور ؛ پتنگ کی ڈور گردن پر پھرنے سے 23 سالہ نوجوان جان کی بازی ہار گیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 نومبر 2021ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پتنگ بازیکے دوران گردن پر ڈور پھرنے سے ایک اور نوجوان جاں بحق ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ شالیمار لنک روڈ پر پتنگ کی ڈور گردن پر پھرنے سے 23 سالہ نوجوان جان کی بازی ہار گیا ، مشتاق کالونی کا رہائشی اسد نامی نوجوان شاپنگ مال میں ملازمت کرتا تھا ، ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد متوفی موٹر سائیکل پر گھر جارہا تھا کہ اس دوران ایک پتنگ کی ڈور اس کی گردن پر پھر گئی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

بتایا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈور سے شہری کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ، انہوں نے جاں بحق شہری کے لواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ، وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پتنگ بازی کی وجہ سے قیمتی جان کے ضیاع پر دلی دکھ ہوا۔

(جاری ہے)

سردار عثمان بزدار نے پتنگ بازی کے واقعات پر زیروٹالرنس کی پالیسی اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، خلاف ورزی پر قانون کے تحت کارروائی کی جائے ، کسی بھی علاقے میں پتنگ بازی ہونے پر متعلقہ پولیس افسر سے جواب طلبی کی جائے گی۔

دوسری جانب پنجاب کی کابینہ کمیٹی برائے قانون نے پتنگ بازی کے جرم میں ملوث مجرمان کو سزائیں دینے کے حوالے سے مسودے کی منظوری دے دی ہے، جس کے مطابق پتنگ بازی کے جرم میں ملوث ملزمان کو سخت سزائیں دی جائیں گی، منظور کیے گئے قانونی مسودے کے مطابق پتنگ بازی کرنے کے الزام میں گرفتار ہونے والے کسی بھی شہری کو تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی جا سکے گی۔ 

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں