w لاہور میں گداگری خطرناک حدوں کو عبور کر چکی ہے ، زہرا نقوی

/سماجی سطح پر بھکاریوں کی اصلاح اور بھیک جیسے خطرناک دھندے سے نکال باہر کرنے کی کوشش کی جائے، رکن پنجاب اسمبلی

اتوار 28 نومبر 2021 17:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 نومبر2021ء) تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے کہا ہے کہ لاہور میں گداگری خطرناک حدوں کو عبور کر چکی ہے بھکاری مافیا اور اس کے کارندے عوامی مقامات ، کاروباری و تجارتی مراکز اور ٹریفک سگنلز پر پھر سے حملہ آور ہیں۔ بھکاریوں کی اس یلغار سے سماجی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہونے سے مختلف قسم کے مسائل سر اٹھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروے اس مسئلہ پر خصوصی توجہ دیں عوامی مقامات پر بھکاریوں کے غول لوگوں کے لیے سخت پریشانی کا سبب بنتے ہیں ، موقع ملنے پر یہ بھکاری جیب تراشی ، چوری چکاری اور چھینا جھپٹی جیسی وارداتوں سے بھی باز نہیں رہتے۔ اسی طرح ٹریفک اشاروں پر بھکاریوں کی بھاری تعداد لوگوں کو پریشان کرنے کے ساتھ ٹریفک کی روانی میں سخت رکاوٹوں اور بعض اوقات ٹریفک حادثات کی وجہ بنتی ہے۔

پیشہ ور بھکاریوں کی بے قابو تعداد جنسی جرائم اور دیگر سماجی وارداتوں میں اضافہ کا باعث بھی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں میں پیشہ ور بھکاریوں کی مدد نہ کرنے کی مہم چلائی جائے جبکہ سماجی سطح پر بھکاریوں کی اصلاح اور تعمیری مدد کے ذریعے انہیں بھیک جیسے خطرناک دھندے سے نکال باہر کرنے کی کوشش کی جائے

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں