الیکشن کمیشن کا این اے 133 لاہور میں پیسوں سے ووٹ خریدنے کی ویڈیو کا نوٹس

فوٹیج کا فارنزک کروایا جائے، افراد اور عمارت کی شناخت کی جائے، آئی جی پولیس ملوث شخص کو گرفتار کریں، الیکشن کمیشن

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 28 نومبر 2021 19:08

الیکشن کمیشن کا این اے 133 لاہور میں پیسوں سے ووٹ خریدنے کی ویڈیو کا نوٹس
لاہور( اُردو پوائنٹ ،اخبارتازہ ترین ۔ 28 نومبر 2021ء ) الیکشن کمیشن کا این اے 133 لاہور میں پیسوں سے ووٹ خریدنے کی ویڈیو کا نوٹس، ووٹوں کی خرید و فروخت میں ملوث افراد کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دئیے ۔ تفصیلا ت کے مطابق این اے 133 لاہور ضمنی انتخاب میں پیسوں سے ووٹ خریدنے کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ویڈیو کا نوٹس لے لیا۔ریٹرننگ افسر این اے 133 نے کمشنر لاہور اور آئی جی پنجاب سمیت چیرمین نادرا اور پیمرا کو نوٹس جاری کردیا ہے۔

ریٹرننگ افسر نے ویڈیو میں نظر آنے والے لوگوں کی شناخت کے لیے مدد مانگ لی۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ‏فوٹیج کا فارنزک کروایا جائے، افراد اور عمارت کی شناخت کی جائے، آئی جی پولیس ملوث شخص کو گرفتار کریں، چئیرمین پیمرا فوٹیج کا فرانزک کرائیں کہ آیا فوٹیج اصل ہے اور اس میں موجود افراد کی شناخت کریں، ملوث افراد کا مکمل بائیو ڈیٹا فراہم کیا جائے۔

(جاری ہے)

ریٹرننگ افسر نے نادرا، پیمرا، پولیس اور کمشنر لاہور سے 30 نومبر کو رپورٹ مانگ لی۔واضح رہے کہ لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے لیے مبینہ طور پر ووٹوں کی خرید و فروخت کی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔ لاہور کے حلقے این اے 133ضمنی الیکشن کیلئے مبینہ طور پر ووٹوں کی خرید و فروخت سے متعلق مبینہ ویڈیو لیک ہوئی ہے ، جس جگہ ووٹ خریدے جا رہے ہیں وہاں لیگی امیدوار کے پوسٹرز بھی لگے ہوئے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ قرآن پر حلف ، نام کا اندراج اور رقم دی جارہی ہے ، اس موقع پر ووٹ خریدنے والوں نے ماسک پہن رکھے ہیں۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے لاہور کے حلقہ این اے 133 میں ضمنی انتخاب کے لئے حتمی پولنگ اسکیم جاری کر دی ، 4 لاکھ 40 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے ، حلقے میں خواتین ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 6 ہزار 927 جبکہ مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار 558 ہے ، این اے 133 میں ضمنی الیکشن کے لیے کل 254 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گئے ، سو پولنگ اسٹیشنز مردوں کے جب کہ سو پولنگ اسٹیشن خواتین کے ہونگے ، ضمنی انتخابات کے لیے 54 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، حلقے میں 831 پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے ، 436 پولنگ بوتھ مردوں کے جبکہ 395 پولنگ بوتھ خواتین کے ہوں گے۔

حلقے میں ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ 5 دسمبر کو ہوگی ۔ یہاں واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے این اے 133کے ضمنی انتخاب میں رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا ، الیکشن کمیشن نے رینجرز کی تعیناتی کیلئے محکمہ داخلہ کو مراسلہ لکھ دیا ، الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی الیکشن میں پولیس اور رینجرز کی خدمات حاصل ہونگی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں