وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ہفتے میں تین دن اسکول بند رکھنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دے دیا

پنجاب میں تین دن ایک ساتھ اسکول بند رہنے سے دھند کم ہوجائے گی ، کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ کے بارے میں تفصیلی علم نہیں لیکن تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنا چاہتےہیں۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 29 نومبر 2021 11:10

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ہفتے میں تین دن اسکول بند رکھنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دے دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 نومبر 2021ء) : وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اسموگ کے پیش نظر پنجاب میں ہفتے میں تین دن اسکول بند رکھنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ پنجاب میں تین دن ایک ساتھ اسکول بند رہنے سے دھند کم ہوجائے گی اور اس کے فوائد حاصل ہوں گے۔

چھٹیوں سے ہمیشہ اسموگ کم ہوا ہے۔ اسکولوں میں نصاب مکمل کرنے اور امتحانات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ اسکولوں میں امتحانات اپنے وقت پر مکمل نصاب کے ساتھ ہوں گے، رواں سال طالب علموں کو ایسے ہی اگلی کلاسوں میں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ امتحانات مقررہ وقت پر اور مکمل نصاب کےساتھ ہوں گے۔

(جاری ہے)

کورونا وائرس کے نئے ویرئینٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ عالمی وبا کورونا وائرس پر قابو پانے حوالے سے پاکستان کی کارکردگی بہتر رہی ہے، جیسے ماضی میں کرونا کا مقابلہ کیا، انشااللہ نئے ویرینٹ کا بھی کریں گے اور قوم کے تعاون سے کامیابی حاصل کریں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ یکساں تعلیمِ نصاب کے نفاذ میں کچھ اسکولوں میں مشکلات کا سامنا ہے مگر ہم اس مشن کو پایا تکمیل تک پہنچائیں گے۔ واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے لاہور سمیت دیگر علاقوں میں اسموگ کی وجہ سے دفاتر اور تعلیمی اداروں کو ہفتے میں تین دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ دھند پر قابو پانے کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی نئی قسم نے لوگوں کو اپنی لپیٹ میں لینا شروع کر دیا ہے۔ ڈیلٹا ویرینٹ سے دُگنی رفتار سے پھیلنے والے اس وائرس نے کئی ممالک کو بھی خوف میں مبتلا کر دیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں