این اے 133 کا ضمنی انتخاب ملتوی نہیں ہو رہا، الیکشن کمیشن

ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کی افواہوں میں حقیقت نہیں، بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع ہو گئی ہے،حلقہ این اے 133 لاہور کا ضمنی الیکشن شیڈول کے مطابق 5 دسمبر کو ہو گا۔الیکشن کمیشن پنجاب غلام اسرار خان کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 30 نومبر 2021 16:31

این اے 133 کا ضمنی انتخاب ملتوی نہیں ہو رہا، الیکشن کمیشن
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 نومبر2021ء) الیکشن کمیشن پنجاب غلام اسرار خان نے این اے 133میں ہونے والے ضمنی انتخابات سے متعلق کہا ہے کہ ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کی افواہوں میں حقیقت نہیں۔الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 لاہور کے ضمنی انتخاب کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع ہو گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حلقہ این اے 133 لاہور کا ضمنی الیکشن شیڈول کے مطابق 5 دسمبر کو ہو گا۔بیلٹ پیپر پر 11 امیدواروں کے نام اردو حروفِ تہجی کی ترتیب سے چھاپے جا رہے ہیں۔بیلٹ پیپرز اور بیلٹ باکسر سمیت دیگر پولنگ کا سامان 4 دسمبر کو پریذائیڈنگ آفیسر کے حوالے کر دیا جائے گا۔ غلام اسرار خان کے مطابق مبینہ ویڈیو سکینڈلز کی فرانزک اور تحقیقاتی رپورٹس جمع کرانے کا آج آخری دن ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن پنجاب غلام اسرار خان نے یہ بھی کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے۔خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو وارننگ اور جرمانوں جیسی سزائیں دی جا رہی ہیں۔ واضح رہے گزشتہ روز 28 نومبر کو الیکشن کمیشن نے لاہور کے حلقہ این اے 133 میں ضمنی الیکشن سے قبل مبینہ طور پر ووٹ خریدنے سے متعلق ویڈیو کا نوٹس لے لیا تھا، ریٹرننگ افسر نے ڈپٹی کمشنر لاہور اور آئی جی پنجاب پولیس کو مراسلہ بھیج کر 30 نومبر تک معلومات طلب کی تھیں، اس سلسلے میں چیئرمین نادرا اور چیئرمین پیمرا کو بھی مراسلہ بھیجا گیا تھا۔

مراسلے میں کہا گیا تھا کہ سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز پر ویڈیو گردش میں ہے، ویڈیو میں ووٹرز میں پیسے تقسیم اور حق میں ووٹ دینیکا حلف لیا جارہا ہے، ڈی سی لاہور اور آئی جی پولیس ویڈیو کا فرانزک کرائیں اور صداقت معلوم کریں۔ ریٹرننگ افسر نے ہدایت کی ہے کہ ڈی سی لاہور اور آئی جی ویڈیو میں موجود افراد کی شناخت کرائیں اور ویڈیو میں موجود افراد کا مکمل بائیو ڈیٹا فراہم کریں، اس عمارت کی بھی شناخت کریں جہاں یہ غیرقانونی اقدام ہوا اور غیرقانونی حرکات میں ملوث شخص کو گرفتارکریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں