لاہور میں ٹرانسفارمر گرنے کا واقعہ، تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل

نیپرا اتھارٹی نے اچھرہ بازار میں ٹرانسفارمر گرنے سے خاتون کی ہلاکت اور کمسن بچی کے شدید زخمی ہونے کا سخت نوٹس لے لیا،ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت

Muqadas Farooq مقدس فاروق اعوان جمعرات 2 دسمبر 2021 17:32

لاہور میں ٹرانسفارمر گرنے کا واقعہ، تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 دسمبر2021ء) لاہور میں ٹرانسفارمر گرنے کے واقعہ پر نیپرا نے نوٹس لے لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نیپرا اتھارٹی نے لاہور کے علاقے اچھرہ بازار میں ٹرانسفارمر گرنے سے خاتون کی ہلاکت اور کمسن بچی کے شدید زخمی ہونے کا سخت نوٹس لے لیا۔اتھارٹی نے افسوسناک واقعے کی فوری تحقیقات کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے 2 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔

اتھارٹی نے لیسکو حکام سے بھی واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کر لی ہے تاکہ ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔قبل ازیں چیئرمین قائمہ کمیٹی کیبنٹ سیکرٹریٹ رانا مقبول نے کہا تھا کہ لاہور میں ٹرانسفارمر گرنے سے خاتون کی ہلاکت کے واقعہ کا ازخود نوٹس لیا ہے اور کمیٹی اجلاس میں واپڈا اور لیسکو اور نیپرا کے حکام کو طلب کر لیا گیا ۔

(جاری ہے)

اپنے جاری بیان میں چیئرمین کمیٹی رانا مقبول نے کہا کہ واقعہ قابل افسوس ہے ،جس، کی جان چلی گئی اس کے لئے تلافی کی کیا حیثیت ۔

پٹرولیم قیمتوں کے معاملے کا بھی نوٹس لے لیا گیا ۔ رانا مقبول نے کہا عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہو رہی ہیں یہاں بڑھ رہی ہیں۔ غریب کا جینا محال کر دیا گیا ہے۔کمیٹی اجلاس، میں غیر ذمہ، داری، کا مظاہرہ کرنیوالے افراد کے خلاف کارروائی کرینگے۔واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت کے معروف تجارتی مرکز اچھرہ کے علاقہ میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کا ٹرانسفارمر گر گیا جس کی زد میں آکرایک خاتون جاں بحق جبکہ بچی زخمی ہوگئی جس کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب خواتین شاپنگ میں مصروف تھیں کہ اس دوران کپڑے کی دوکان کے باہر ایچ ٹی پول پر لگا لیسکو کا ٹرانسفارمر اچانک نیچے آ گرا جس سے 38 سالہ خاتون اور ایک کمسن بچی زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر دونوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا تاہم خاتون جانبر نہ ہو سکی۔ ایس ڈی او اچھرہ سب ڈویژن سہیل کا کہنا ہے کہ ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر گرنے کی وجہ سے حادثہ ہوا، ایچ ٹی پول پر نصب ٹرانسفارمر اچانک گرا جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔

لاہور شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments