گورنرپنجاب کی سپیکربرطانوی پار لیمنٹ سے ملاقات ، افغانستان کی صورتحال سمیت دیگر امور پر بات چیت

جمعہ 3 دسمبر 2021 21:00

گورنرپنجاب کی سپیکربرطانوی پار لیمنٹ سے ملاقات ، افغانستان کی صورتحال سمیت دیگر امور پر بات چیت
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2021ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے دورہ بر طانیہ کے دوران بر طانوی پار لیمنٹ کے سپیکر لنڈسے ہولی سے ملاقات کی اور افغانستان ' خطے کی صورتحال اور پاک بر طانیہ تعلقات سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی جبکہ سپیکر لنڈسے ہولی کی جانب سے امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستانی اقدامات کی تعریف کی گئی ۔

گور نر ہائوس لاہور سے جاری اعلامیہ کے مطابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے دورہ بر طانیہ کے دوران پاکستان میں بر طانوی ہائی کمشنر معظم احمد خان اور ممبر بر طانوی پار لیمنٹ افضل خان کے ہمرا ہ بر طانوی پار لیمنٹ میں سپیکر لنڈ سے ہولی سے ملاقات کی جس میں پاک بر طانیہ تعلقات کے علاوہ 'افغان امن عمل میں پاکستانی کردار 'افغانستان کی موجودہ صورتحال سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی جبکہ گور نر پنجاب نے افغان امن عمل میں پاکستانی کردار اور افغان عوام کو درپیش مسائل کے بارے بھی سپیکر کو بتایا ۔

(جاری ہے)

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے ملاقات کے دوران کہا کہ افغانستان میں انسانیت کو غر بت اور بے روزگاری کے ساتھ ساتھ صحت جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے بدتر ین حالات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے، عالمی میڈیا کے مطابق افغانستان میں آدھی سے زائد آبادی کو کھانے پینے کے اشیا بھی میسر نہیں آرہیں اس لیے افغانستان کو مزید کسی تباہی سے بچانے کیلئے دنیا کو اس تمام صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے افغانستان میں انسانی زندگیوں کو بچانے اور امن کے قیام کیلئے آگے بڑھ کر اپنی ذمہ داری پوری کر نی چاہیے۔

گور نر چوہدری محمدسرورنے کہا کہ دنیا کو یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ وہ کون سے عناصر ہیں جو افغانستان میں دہشت گردی سمیت دیگر کاروائیوں کے ذریعے وہاں امن تباہ کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں ،ایسے عناصرکیخلاف پوری دنیا کو ایک پیج پر آکر ایکشن لینا ہوگا تاکہ ایسے عناصر کے عزائم کو ناکام بنایا جاسکے، افغان قیادت سے بھی امید ہے کہ وہ افغانستان میں خواتین سمیت سب کو بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کے حوالے سے تمام اقدامات کو یقینی بنائیں گے ۔

چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے صرف افغانستان ہی نہیں بلکہ پورے خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنابھر پور کردار ادا کیا ہے، امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان نے جو قر بانیاں دیں ہیں وہ بھی پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہیں، پاکستان آج بھی امن کیساتھ اور دہشت گردی کے خلاف کھڑا ہے، امن کے لیے پاکستان نے پہلے کسی قر بانی سے دریغ کیا نہ ہی آئندہ کر ے گا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں