سیالکوٹ واقعہ غیراسلامی و غیر انسانی فعل ہے‘چودھری پرویزالٰہی

ختم نبوتؐ کے حوالے سے تیار کردہ قرآنی آیت اور حدیث کا فریم تمام سرکاری دفاتر میں نمایاں طور پر لگایا جائے گا‘ ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 4 دسمبر 2021 22:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2021ء) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے وفاق المدارس العربیہ کے سیکرٹری جنرل قاری حنیف جالندھری نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر، راسخ الٰہی، ڈاکٹر اے آر خالد، ڈاکٹر راشد سراج بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے سیالکوٹ واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ غیراسلامی و غیر انسانی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں سری لنکا کی حکومت اور مقتول کی فیملی کے ساتھ دلی ہمدردی ہے، اس واقعہ کی انکوائری مکمل کر کے جلد از جلد ملزموں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ چودھری پرویزالٰہی نے قاری حنیف جالندھری کو ختم نبوتؐ کے حوالے سے تیار کردہ قرآنی آیت اور حدیث کا فریم دیا جس کو تمام سرکاری دفاتر میں نمایاں طور پر لگایا جائے گا۔ قاری حنیف جالندھری نے چودھری پرویزالٰہی کو پاکستان میں تمام مکاتب فکر کے علما کا متفقہ منظور کیا جانے والا قرآن مجید کا ترجمہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرارداد مقاصد کے بعد یہ دوسرا بڑا کارنامہ ہے جس پر تمام مسالک متفق ہیں، قرآن مجید کا یہی ترجمہ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے ذریعے سکولوں میں پڑھانے کیلئے دیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں