عزیز میاں قوال کی 21ویں برسی(آج)منائی جائے گی

اتوار 5 دسمبر 2021 11:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2021ء) پرائیڈ آف پرفارمنس عزیز میاں قوال کی 21ویں برسی آج(پیر)6 دسمبرکو ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی ۔ اس موقع پر عزیز میاں قوال کے پرستار وںاور مداحوں کی جانب سے خصوصی تعزیتی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ اللہ ہی جانے کون بشر ہے، یا نبی یا نبی ، شرابی میں شرابی سمیت سینکڑوں قوالیاں گا کر شہرت کی بلندیوں کو چھوتے ہوئے حکومت پاکستان سے 1989 میں پرائیڈ آف پرفارمنس حاصل کرنے والے ملک کے نامور قوال عزیز میاں 17اپریل 1942 کو پید ا ہوئے ۔

(جاری ہے)

ان کا اصل نام عبدالعزیز تھا لیکن وہ عزیز میاں قوال کے نام سے مشہور ہوئے۔ عزیز میاں نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے ایم اے کی ڈگری حاصل کی اور قوالی کے شعبہ کا چنائو کیا۔عزیز میاں کو یہ اعزاز بھی حاصل تھا کہ انہوںنے اپنی گائی گئی زیادہ تر قوالیوں کی شاعری خود تخلیق کی۔ عزیز میاں نے اپنے منفرد ، بھاری بھرکم ، بارعب انداز گائیکی کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر کے کئی دیگر ممالک میں انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جانے پہچانے جاتے تھے۔ عزیز میاں 6دسمبر 2000 کو 58برس کی عمر میں مختصر علالت کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں