این اے 133 ؛ پولنگ کا وقت ختم‘ ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری

پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں موجود افراد ووٹ ڈال سکیں گے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 5 دسمبر 2021 17:18

این اے 133 ؛ پولنگ کا وقت ختم‘ ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 دسمبر 2021ء ) لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 میں ضمنی انتخاب کے لیے ہونے والی پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق این اے 133 میں صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے بغیر جاری رہی تاہم پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں موجود افراد ووٹ ڈال سکیں گے۔

بتاتے چلیں کہ این اے 133 میں مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی پارٹی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے ، مسلم لیگ ن کے رہنماء پرویز ملک کے انتقال کی وجہ سے خالی والے حلقہ این اے 133 لاہور کی اس نشست پر ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی، حلقے میں 4 لاکھ 40 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر نے کے اہل تھے ، جن میں مرد ووٹرز 2 لاکھ 33 ہزار 558 اورخواتین 2 لاکھ 6 ہزار 927 ہیں ، پولنگ کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے این اے 133 میں 254 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ، جن میں اے کیٹیگری کے 22، بی کیٹیگری کے 198 اور سی کیٹیگری کے 34 پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں ، ان میں سے 200 پولنگ اسٹیشن ایسے ہیں جہاں مرد اور خواتین علیحدہ علیحدہ ووٹ کاسٹ کریں گے جب کہ 54 مخلوط پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ۔

(جاری ہے)

حلقے میں مجموعی طور پر 13 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے ، جس میں آزاد امیدواروں کی تعداد زیادہ ہے تاہم اس نشست کے لیے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے ، یہاں پرویز ملک کی اہلیہ شائستہ پرویز ن لیگ اور اسلم گل پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں جب کہ ضمنی انتخابات کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں جس کے لیے مجموعی طور پر 2 ہزار سے زائد افسران و اہل کار ڈیوٹی دے رہے ہیں ، ایس ایس پی آپریشنز کی نگرانی میں 6 ایس پیز اور 14 ایس ڈی پی اوز فرائض انجام دے رہے ہیں ، اس کے علاوہ 44 ایس ایچ اوز، 52 ڈولفن و پیرو اور 7 کوئیک ریسپانس ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں