این اے 133؛ پہلا الیکشن دیکھا ہے جس میں ہارنے، جیتے اور حصہ نہ لینے والے سب خوش ہیں

جہاں انسانی ہمدردی ہو وہاں دس فیصد ووٹ ویسے ہی پڑ جاتے ہیں، شائستہ بی بی دس فیصد ووٹوں سے ممبر بنی ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 6 دسمبر 2021 15:42

این اے 133؛ پہلا الیکشن دیکھا ہے جس میں ہارنے، جیتے اور حصہ نہ لینے والے سب خوش ہیں
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 دسمبر 2021ء) : لاہور کے حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کی جیت پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کو کل کے الیکشن سے سبق سیکھنا چاہئیے، جہاں انسانی ہمدردی ہو وہاں دس فیصد ووٹ ویسے ہی پڑ جاتے ہیں، شائستہ بی بی دس فیصد ووٹوں سے ممبر بنی ہیں، اگلے الیکشن سے ووٹوں کی تعداد 13 کروڑ ہو جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ این اے 133 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے بعد پہلی مرتبہ دیکھا ہے کہ ہارنے، جیتنے اور حصہ نہ لینے والی تمام پارٹیاں خوش ہیں۔ کل کے الیکشن نے ثابت کر دیا ہے کہ سیاسی جماعتیں صرف میڈیا ہاؤسز کے سہارے زندہ ہیں، پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ بریانیاں اور حلوے خالی پڑے رہے اور لوگوں نے منہ نہیں مارا۔

(جاری ہے)

سانحہ سیالکوٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اس افسوسناک واقعہ کے بعد سے میں ڈپریشن میں ہوں، یہ ایک بہت افسوسناک واقعہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کو الزام دیتے تھے کہ وہاں مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک قانون پر عمل دار آمد نہیں ہوگا اور دہشت گردی کے خلاف پکا ہاتھ نہیں ڈالیں گے تو ایسے واقعات ہوتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز لاہور کے حلقہ این اے 133 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ ہوئی۔ اس ضمنی انتخاب میں 11 امیدواروں نے حصہ لیا تاہم مسلم لیگ ن کی شائستہ پرویز ملک اور پیپلز پارٹی کے امیدوار اسلم گل میں مقابلہ ہوا۔ تمام 254 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کی امیدوار شائستہ پرویز نے 46 ہزار 811 ووٹ لے کر فتح حاصل کرلی۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری اسلم گل دوسرے نمبر پر رہے۔ انہوں نے 32 ہزار 313 ووٹ حاصل کیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں