بیٹے کی شادی کی تقریب میں مریم نواز کی گلوکاری کی ویڈیو وائرل، آوازکی تعریفیں

پیر 6 دسمبر 2021 22:12

بیٹے کی شادی کی تقریب میں مریم نواز کی گلوکاری کی ویڈیو وائرل، آوازکی تعریفیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے بیٹے محمد جنید صفدر کی شادی کی خاندان کی تقریب میں گلوکاری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ان کی آواز کی تعریفیں کی گئیں ،مریم نواز کے صاحبزادے کا نکاح رواں برس اگست میں لندن میں احتساب بیورو کے سابق چیئرمین سیف الرحمٰن کی صاحبزادی عائشہ رحمن سے ہوا تھا۔

نکاح کے چند ماہ بعد گزشتہ شب مریم نواز کے کزن حمزہ شہباز شریف نے جنید صفدر کی شادی کی ایک تقریب میں منعقد کی، جس میں دونوں خاندان کے افراد کے علاوہ ن لیگ کے اہم سیاستدانوں نے بھی شرکت کی۔لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر منعقد کی گئی تقریب میں حمزہ شہباز نے بھی گانے گائے جبکہ مریم نواز نے بھی تقریب کے دوران گلوکاری کے جوہر دکھائے۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز نے ’ہمیں تم سے پیار ہے کتنا، ہم نہیں جانتے اور ’چاندنی رات‘ کو گاکر محفل لوٹی اور ان کی گلوکاری کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

سوشل میڈیا پر لوگوں نے حمزہ شہباز کی گلوکاری کی تعریفیں کرتے ہوئے لکھا کہ گلوکاری کے معاملے میں بھی وہ خاندان کے دیگر افراد پر گئے ہیں۔شادی کی تقریب کے دوران مریم نواز کی جانب سے بھی گانا گانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور لوگوں نے ان کی آواز کو سراہا۔مریم نواز نے ’تم دینا ساتھ میرا، او میرے ہمنوا‘ گانا گایا تاہم ان کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں ان کا چہرہ دکھائی نہیں دیتا۔

شادی کی تقریب کی وائرل ہونے والی ویڈیوز میں مریم اورنگزیب سمیت دیگر ن لیگ کے رہنمائوں کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ن لیگ نے تصدیق کی ہے کہ جنید صفدر کی شادی کی استقبالیہ تقریب 14 دسمبر کو اسلام آباد ، ولیمے کی تقریب 17 دسمبر کو لاہور میں ہوگی۔اس حوالے سے چند دن قبل جنید صفدر نے انسٹاگرام پر ولیمے کا دعوت نامہ شیئر کیا، جس میں ان کی اہلیہ کے ہمراہ تصویر موجود تھی اور اس پر 17 دسمبر 2021 کی تاریخ درج تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں