پیپلزپارٹی پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا میدان خالی نہیں چھوڑے گی،آصف زرداری

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے، لاہور اور پنجاب میں پیپلز پارٹی کو گراس روٹ لیول پر مضبوط کرینگے۔ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدرآصف زرداری کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 7 دسمبر 2021 21:16

پیپلزپارٹی پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا میدان خالی نہیں چھوڑے گی،آصف زرداری
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 دسمبر2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا میدان خالی نہیں چھوڑے گی، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے، لاہور اور پنجاب میں پیپلز پارٹی کو گراس روٹ لیول پر مضبوط کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے پارٹی کی سینئر رہنماء ثمینہ خالد گھرکی کے گھر جاکر ارشد جاوید گھرکی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔

انہوں نے کہا کہ ارشد جاوید گھرکی پاکستان پیپلز پارٹی کا سرمایہ تھے۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا میدان خالی نہیں چھوڑے گی، پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی حصہ لے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور اور پنجاب میں پیپلز پارٹی کو گراس روٹ لیول پر مضبوط کرینگے۔یاد رہے گزشتہ روز آصف زرداری نے لاہور میں پی پی ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے جب بھی مشکل وقت گزارا ہے، پیپلزپارٹی کے ورکرز نے بھرپور ساتھ دیا، پیپلزپارٹی کشمیر سے کراچی تک بھٹو کا جھنڈا لگا ہوا ہے، میں نے دوستوں سے بات کی تھی کہ پیپلزپارٹی کیلئے پنجاب میں الیکشن مشکل نہیں ، ہماری اپنی کمزوریاں ہوتی ہیں، کل کے الیکشن میں زبردست رزلٹ رہا، میرا اندازہ پچاس  ہزار ووٹ تھا اگر ہم ووٹرز ٹرن آؤٹ بڑھا دیتے تو 50 ووٹ لے سکتے تھے۔

پاکستان آج بہت بڑے خطرے میں ہے، دنیا پاکستان کو توڑنا چاہتی ہے، ہم نے پاکستان کو بچانے کا عہد کیا ہوا ہے، پاکستان کیلئے لڑیں ، پاکستان کو بچائیں گے اور پاکستان کو کامیاب ملک بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم کامیابی کی طرف جا رہے تھے جب آراو الیکشن کروائے گئے اور دھاندلی سے الیکشن جیت لیے گئے، کل جس حلقے میں الیکشن ہوا، یہ 77ء کے بعد میاں صاحب حلقے بناتے رہے،جب یہ حلقہ تھوڑا بڑا تھا محترمہ بی بی شہید بھی اس حلقے سے الیکشن جیتی تھیں، پنجاب میں حلقہ بندیاں پیپلزپارٹی کے خلاف بنائی گئیں۔

لیکن میاں صاحب نے لاہور سمیت پورے پنجاب میں اپنے حساب سے گلیاں محلے، برادری کو دیکھ کر حلقہ بندیاں بنا لیں، ہم ان سے لڑیں گے اور حلقہ بندیوں کو تبدیل کریں گے، اس لیے کہ یہ پاکستان کی دھرتی کے خلاف ہے، جو اس دھرتی پر نہیں مرنا چاہتا اس کو کیا مسئلہ ہے؟

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں