ہرماں کی طرح بیٹے کی شادی کو بغیر سیاسی تبصروں کے منانے کا حق رکھتی ہوں

بیٹے کی شادی نجی اور خاندانی معاملہ ہے، درخوست ہے میرے خاندان کے ذاتی معاملات کا احترام کریں۔ مرکزی نائب صدر مسلم لیگ(ن) مریم نواز کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 7 دسمبر 2021 21:29

ہرماں کی طرح بیٹے کی شادی کو بغیر سیاسی تبصروں کے منانے کا حق رکھتی ہوں
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 دسمبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہرماں کی طرح بیٹے کی شادی کو بغیر سیاسی تبصروں کے منانے کا حق رکھتی ہوں، بیٹے کی شادی نجی اور خاندانی معاملہ ہے، درخوست ہے میرے خاندان کے ذاتی معاملات کا احترام کریں۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ میرے بیٹے کی شادی ہماری فیملی کا نجی معاملہ ہے، ہر ماں کی طرح میں بھی اپنے بیٹے کی شادی کے اس موقعے کو بغیر کسی سیاسی تبصروں کے بھرپور انداز میں منانے کی حق دار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میری میڈیا سمیت سب سے عاجزانہ درخواست ہے کہ فیملی کی ذاتی  پرائیویسی کا احترام کریں۔ واضح رہے میڈیا بریفنگ کے دوران آج ایک صحافی نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری سے شادی کی محفل میں مریم نواز اور حمزہ شہباز کے گانا گانے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ جب ہمارے خاندان بیٹھتے ہیں، نجی محفلیں ایسی ہی ہوتی ہیں، شادیوں میں گانا، مہندی سب ہوتا ہے، مریم نواز اور حمزہ شہباز کو نجی محفل میں گانا گاتے دیکھ کربڑا اچھا لگا، نارمل پاکستان اس طرح کا ہی ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اس میں اعتراض والی کوئی بات نہیں ہے، ہمارا تو ان کے ساتھ سیاسی اختلاف ہے، ہمارا اتنا اعتراض ہے کہ ہمارے پیسوں سے شادیاں نہ کریں، وہ پیسے ہمیں واپس کردیں جو ہمارے ہیں۔ یاد رہے گزشتہ دن سے مین اسٹریم اور سوشل میڈیا پر مسلم لیگ ن کے رہنماؤں مریم نواز اور حمزہ شہباز کے شادی کی محفل میں گانا گانے کی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں، جس پرلوگ ، تجزیہ کار یا سیاستدان بھی بغیر کسی تنقید یا اعتراض کے تعریف کررہے ہیں۔ تاہم مریم نواز نے اب ٹویٹ کرکے عاجزانہ درخواست کی ہے کہ میرے بیٹے کی شادی ہماری فیملی کا نجی معاملہ ہے، میری میڈیا سمیت سب سے عاجزانہ درخواست ہے کہ فیملی کی ذاتی  پرائیویسی کا احترام کریں۔ لہذا اب ہر کوئی گریز ہی کرے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں