سموگ سے پریشان لاہوریوں کے مرجھائے چہرے کھل اٹھیں گے

لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں جلد بارشوں کے نئے سلسلے کے آغاز کی نوید سنا دی گئی

muhammad ali محمد علی منگل 7 دسمبر 2021 22:51

سموگ سے پریشان لاہوریوں کے مرجھائے چہرے کھل اٹھیں گے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 دسمبر2021ء) سموگ سے پریشان لاہوریوں کے مرجھائے چہرے کھل اٹھیں گے، لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں جلد بارشوں کے نئے سلسلے کے آغاز کی نوید سنا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کئی ہفتوں سے بارش سے محروم اور سموگ کی وجہ سے پریشان لاہور کے شہریوں کو موسم کا حال بتانے والوں نے نئی امید دلا دی۔ محکمہ موسمیات نے رواں ماہ 15 دسمبر کے بعد لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق رواں ماہ کے وسط اور اس کے بعد ہونے والی بارشوں سے نہ صرف درجہ حرارت میں کمی واقع ہو گی بلکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ گزشتہ ہفتے کے اختتام پر بھی لاہور میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا، تاہم بادل بارش برسائے بنا ہی لاہور سے رخصت ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا ہے کہ بارشوں کے سلسلے کے آغاز سے قبل 15 دسمبر تک شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سیننٹی گریڈ اور رات کے اوقات کار میں درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔

جبکہ لاہور شہر بدستور فضائی آلودگی کی لپیٹ میں ہے، شہر کا ائیرکوالٹی انڈیکس کی شرح 365 ریکارڈ کی تشویش ناک سطح تک پہنچ گئی۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے دسمبر سے فروری کے دوران ملک بھر میں معمول کے مطابق بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دسمبر سے فروری کے دوران ملک کے جنوبی حصوں میں معمول سے قدرے کم جبکہ وسطی حصوں میں معمول کے قریب بارشیں متوقع ہیں۔

اس دوران گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے شمالی حصوں میں معمول سے قدرے زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں سیزن کے دوران خشک موسم کا ملک کے ایئر کوالٹی انڈکس پر برا اثر پڑنے کا امکان ہے۔ اس سیزن کے دوران خشک موسم کے باعث درجہ حرارت معمول سے کم رہنے کے ساتھ میدانی علاقوں میں فوگ کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے اختتام تک اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں بادل برسنے سے موسم مزید سرد ہو گیا، تاہم لاہور اور پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں بادل نہ برسے، جس باعث ان علاقوں میں سموگ نے ابھی بھی ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں