لاہور میں بیٹے اور بہو کا بزرگ خاتون پر تشدد

ماں کے معاف کرنے پر پولیس نے بھی وارننگ دیتے ہوئے چھوڑ دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 9 دسمبر 2021 11:51

لاہور میں بیٹے اور بہو کا بزرگ خاتون پر تشدد
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 دسمبر 2021ء) : لاہور کے علاقے بادامی باغ میں ضعیف ماں پر مبینہ طور پر تشدد کرنے والے نافرمان بیٹے اور بہو کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔بادامی باغ میں ضعیف ماں پر نافرمان بیٹے اور بہو کے مبینہ تشدد کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور اسے طبی امداد فراہم کی۔اس موقع پر پولیس نے بزرگ خاتون کے بیٹے اور بہو کو گرفتار کیا تاہم تشدد کا شکار ماں کو جب بیٹے اور بہو کی گرفتاری کا پتہ چلا تو اُن کا دل نرم پڑ گیا اور دونوں کو معاف کر دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بیٹے اور بہو نے ماں کے قدموں میں گر کر معافی مانگی جس کے بعد پولیس نے دونوں کو وارننگ دے کر چھوڑ دیا۔خیال رہے کہ اس سے قبل ایسا ہی ایک واقعہ لاہور میں بھی پیش آیا جہاں ایک بد بخت بیٹے نے بیوی کے ساتھ مل کر اپنے 80 سالہ والد کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

(جاری ہے)

لاہور کے علاقہ رائیونڈ سٹی کے رہائشی 80 سالہ لال دین نے بیٹے کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لال دین اپنے وکیل راشد نواز عباسی کے ہمراہ سیشن عدالت میں پیش ہوئے۔ لال دین نے مؤقف اختیار کیا کہ میں نے محنت مزدوری کرکے بیٹے وسیم کو پالا، کہ وہ میرے بڑھاپے کا سہارا بنے گا، لیکن میرا بیٹا نافرمان نکلا۔ بیٹا نہ صرف خود مارتا ہے بلکہ اپنی بیوی سے بھی تشدد کرواتا ہے۔ لال دین نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ قانون کے مطابق میرے بیٹے کو سزا دی جائے۔ سیشن عدالت نے کیس کی سماعت کا اختیار نہ ہونے پر معاملہ ڈپٹی کمشنر لاہور کو بھجوا د یا۔ ڈی سی نے ایس پی رائیونڈ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹ بھی طلب کی تھی۔بعدازاں چنیوٹ میں ایک بد بخت بیٹے نے بیوی کے ساتھ مل کر اپنی والدہ کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد ناخلف بیٹے اور اس کی بیوی کو گرفتار کر لیا گیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں