تعیناتی قانون سے متصادم ،وفاقی ٹیکس محتسب مستعفی نہ ہوئے تو عدالت سے رجوع کرینگے‘ لاہو رٹیکس بار

ٹیکس دہندگان کااعتماد مجروح نہ کیا جائے،صدرجمیل اختر کی پریس کانفرنس/عہدیداروفاقی ٹیکس محتسب کی ایڈوائزری کمیٹی سے مستعفی

جمعرات 9 دسمبر 2021 15:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2021ء) لاہور ٹیکس بار کے صدر جمیل اختر بیگ نے وفاقی ٹیکس محتسب کی تعیناتی کو قانون کی دفعہ تین سے متصادم قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ ایف بی آر کے ماتحت کام کرنے والا افسر ٹیکس محتسب کا عہدہ نہیں سنبھال سکتا،جو افسر جس محکمے سے تنخواہ اور پنشن وصول کرتا ہو وہ اس کے خلاف فیصلہ کس طرح دے سکتاہے اور اس کا برملا اظہار وفاقی ٹیکس محتسب خود اپنے بیان میں کر چکے ہیں جو ریکارڈ پر موجود ہے ۔

ان خیالات کا اظہارانہوںنے نائب صدر حسیب اللہ خان،جنرل سیکرٹری سید عرفان حیدر شاہ اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کے پاس جو بھی اپیل جانی ہے ظاہر ہے وہ ایف بی آر کے افسران کے خلاف ہو گی جبکہ وفاقی ٹیکس محتسب خود کہہ رہے ہیں کہ وہ ایف بی آر کے ایماندار افسران کے خلاف فیصلہ نہیں کرینگے ،بتایا جائے کیا کسی ایماندار افسر کے خلاف شکایات آتی ہے وہ تو خود قانون کی خلاف ورزی نہیں کرتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام ٹیکس بارز کا مطالبہ ہے کہ وفاقی ٹیکس محتسب از خود اس عہدے سے استعفے دیدیںورنہ اس تعیناتی کو چیلنج کریں گے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری سپریم کورٹ یا ہائیکورٹ کے سابق جج کو وفاقی ٹیکس محتسب تعینات کرے تا کہ 30لاکھ ٹیکس دہندگان کااس ادارے پر اعتماد مجروح نہ ہو ۔ پریس کانفرنس میںنائب صدر اور جنرل سیکرٹری لاہور ٹیکس بار نے وفاقی ٹیکس محتسب کی ایڈوائزری کمیٹی سے مستعفی ہو نے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر کی سازش ہے کہ اپیلٹ ٹربیونل اور وفاقی ٹیکس محتسب میں تمام افسر ان صرف ایف بی آر کے ہوں جو ایف بی آر کے حق میں ہی فیصلہ دیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں