قومی کبڈی چمپئن شپ، پاکستان ائیرفورس اور واپڈا مشترکہ فاتح قرار

اتوار 16 جنوری 2022 23:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2022ء) قومی کبڈی چمپئن شپ میں پاکستان ائیرفورس اور واپڈا کو مشترکہ طورپر فاتح قرار دے دیا گیا۔نیشنل کبڈی چمپئن شپ کا فائنل پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا۔ دفاعی چمپئن پی اے ایف اور واپڈا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا فائنل سنسنی خیز رہا۔شائقین کی ایک بڑی تعداد میچ دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم میں موجود تھی اور ایک موقع پر میدان کے اندر داخل بھی ہو گئی۔

(جاری ہے)

ہاف ٹائم پر واپڈا کو 8 پوائنٹس کی برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں بھی سخت مقابلہ ہوا ، کھیل کے اختتام سے چند لمحات پہلے جب میچ 46-46 سے برابر تھا تو ایک پوائنٹ واپڈا کو ملا تو حریف ٹیم نے اسے ماننے سے انکار کیا اور احتجاج کیا جس کے باعث میچ خاصی دیر رکا رہا۔منتظمین نے فیصلہ کیا کہ 46-46 کی برابری پر واپڈا ریڈ کرے تاہم پی اے ایف نے یہ فیصلہ ماننے سے انکار کر دیا اور گراؤنڈ میں نہ آئی جس پر واپڈا کو فاتح قرار دے دیا گیا لیکن پھر دوبارہ پاکستان کبڈی فیڈریشن نے اپنا فیصلہ تبدیل کیا اور دونوں ٹیموں کو مشترکہ طور پرچمپئن قرار دے دیا،دونوں ٹیمیں 6، 6 ماہ ٹرافی اپنی پاس رکھیں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں