حکومتی غفلت اور مجرمانہ نااہلی سے گندم کی پیداوار 15 سے 20 فیصد متاثر ہو گی ‘ حمزہ شہباز

یہ حکومت نہیں عذاب ہے جس نے ہنستے بستے پاکستان کو اجاڑ کر رکھ دیا ہے‘ قائد حزب اختلاف

پیر 17 جنوری 2022 14:38

حکومتی غفلت اور مجرمانہ نااہلی سے گندم کی پیداوار 15 سے 20 فیصد متاثر ہو گی ‘ حمزہ شہباز
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2022ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کھاد کے سنگین بحران اور پیٹرول قیمتیں بڑھنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر سمیت پنجاب میں بھی کھاد کا بحران سنگین صورت اختیار کر چکا ہے،بددیانت حکومت کے دور میں زرعی ملک غذائی قلت کا شکار ہو چکا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کھاد کارخانوں کو گزشتہ چند ماہ کے دوران گیس فراہمی نہ ہونے سے بھی پیداوار کم ہوئی،کرپٹ حکومت کی سرپرستی میں کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کا بازار گرم ہے،تین ہزار روپے بلیک میں یوریا مل جانے والا کسان خوش قسمت تصور ہو رہا ہے،حکومتی غفلت اور مجرمانہ نااہلی سے گندم کی پیداوار 15 سے 20 فیصد متاثر ہو گی۔

انہو ںنے کہا کہ ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ بھی کھاد کے لئے دربدر پھرتے کسان پر بجلی بن کر ٹوٹا ہے،پیٹرول اور ڈیزل 74 سالوں کی بلند ترین سطح پر ہیں،پیٹرولیم مصنوعات پر حکومت 31 روپے سے زائد ٹیکسوں کی مد میں اینٹھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز نے کہا کہ یہ حکومت پاکستان کو بھی خدانخواستہ قازقستان جیسے حالات سے دوچار کرانا چاہتی ہے،تبدیلی کا جھانسا دے کر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ مارا گیا،یہ حکومت نہیں عذاب ہے جس نے ہنستے بستے پاکستان کو اجاڑ کر رکھ دیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں