لاہور میں کردار پر شک کرتے ہوئے شوہر نے بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا

ملزم نے بیوی کو پہلے تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر قتل کرکے لاش کھیتوں میں پھینک دی‘ پولیس نے ملزم نعیم کو حراست میں لے لیا ‘ مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا کر قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 18 جنوری 2022 15:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 جنوری 2022ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کردار پر شک کرتے ہوئے شوہر نے بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں پیش آیا جہاں 22 سالہ خاتون کو اس کے شوہر نے غیرت کے نام پر قتل کر دیا ، پولیس نے مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا کر قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔

لاہور پولیس سے معلوم ہوا ہے کہ مقتولہ صاحبزادی کے شوہر نعیم کو اس کے کردار پر شک تھا ، جس کی بناء پر ملزم نے بیوی کو پہلے تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر قتل کرکے اس کی لاش کھیتوں میں پھینک دی ، واقعے کا علم ہونے پر پولیس نے ملزم نعیم کو حراست میں لے لیا جب کہ پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع سے شواہد اکٹھے کرلیے۔

(جاری ہے)

ادھرکراچی کے علاقہ ملیر کے بن قاسم ٹاؤن تھانے کی حدود میں نصیر آباد میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں غیرت کے نام پر خاتون سمیت 2 افراد کو قتل کر دیا گیا ، اس حوالے سے سینئیر سپرنٹنڈنٹ پولیس ملیر عرفان علی بہادر نے بتایا کہ واقعہ بن قاسم کے علاقہ پیپری نصیر آباد میں پیش آیا ، قتل ہونے والے دونوں افراد کا تعلق وزیرستان سے بتایا جاتا ہے ، فائرنگ سے ہلاک کی گئی خاتون کی لاش گھر کے اندر جبکہ مرد کی لاش باہر گلی میں پڑی تھی ، دونوں کو پستول سے گولی مار کر قتل کیا گیا ، ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا گیا کہ واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا ہے۔

قریبی واقع کریانہ اسٹور کے مالک نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے صبح سویرے چیخ و پکار اور فائرنگ کی آواز سنی تاہم فائرنگ کرنے والے ملزمان کی تعداد کے بارے میں بھی معلوم نہیں ہو سکا جو واردات کے بعد فرار ہو گئے جب کہ ایدھی ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں لاشیں ضابطے کی کارروائی کے بعد ریسکیو ورکرز نے جناح اسپتال منتقل کر دیں، مقتول نوجوان کی شناخت 22 سالہ ولی الرحمٰن اور خاتون کی شناخت زاہدہ بی بی کے نام سے ہوئی۔

لاہور شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments