لاہور کے کالج سے 22 سالہ طالبہ کے اغوا کے معاملے نے نیا رخ اختیار کر لیا

لڑکی شادی شدہ ہے اور شوہر بیرون ملک ہے،سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق لڑکی مرضی سے کالج سے باہر گئی،پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا آغاز کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 19 جنوری 2022 15:54

لاہور کے کالج سے 22 سالہ طالبہ کے اغوا کے معاملے نے نیا رخ اختیار کر لیا
لاہور (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 19 جنوری 2022) سمن آباد کالج سے 22 سالہ طالبہ کے اغوا کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج سے ظاہر ہوا ہے کہ مغویہ اپنی مرضی سے کالج سے گئی۔واقعے کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکی بھائی کے ساتھ صبح ساڑھے 8 بجے کالج آئی اور ساڑھے بارہ بجے کالج چلی گئی۔پولیس کے مطابق مغویہ کا شوہر دبئی میں مقیم ہے جب کہ اس کی دو سال کی بیٹی بھی ہے۔

پولیس آپریشنز ونگ نےکہا ہے کہ طالبہ اغوا ہوئی یا مرضی سے گئی،اس حوالے سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔اغوا کے بعد لڑکی کا موبائل فون نمبر بند آ رہا ہے جبکہ واٹس ایپ پر آن لائن شو ہوتا رہا۔خیال رہے کہ گذشتہ روز لاہور میں امتحان دینے کے لیے آنے والی لڑکی مبینہ طور پر اغوا ہو گئی تھی۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی چینل کے مطابق پولیس نے لڑکی کے اغوا کا مقدمہ درج کر لیا ہے لیکن چار روز گزرنے کے باوجود تاحال اسے بازیاب نہیں کروایا جا سکا۔

پولیس نے تھانہ ملت پارک میں بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا ہے جس کے مطابق مغویہ لڑکی سیکنڈ ایئر کےامتحانات دینےگئی تھی لیکن گھر واپس نہیں پہنچی اور تاحال فون بھی بند ہے۔اس حوالے سے کالج کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج میں سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکی موٹرسائیکل پر اپنے بھائی کے ساتھ کالج آئی اور اندر داخل ہوئی۔بتایا جارہا ہے کہ لڑکی نے کالج میں داخل ہوتے ہوئے تلاشی دینے سے بھی انکار کیا جب کہ کمرہ امتحان میں اس کی حاضری بھی موجود ہے۔22سالہ لڑکی شادی شدہ ہے اور اس کی ایک بیٹی ہے۔ خاوند دبئی میں مقیم ہے اور اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی یا لڑائی جھگڑا بھی نہیں تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں