پنجاب میں آج بھی دھند کے ڈیرے‘ حد نگاہ انتہائی کم‘ لاہور سے پروازیں اڑان نہ بھر سکیں

ایئرپورٹ پر حد نگاہ 800 میٹر سے بھی کم رہ گئی‘ حکام نے مسافروں کو اپنی پرواز سے متعلق معلومات حاصل کرکے ایئرپورٹ آنے کا مشورہ دے دیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 20 جنوری 2022 10:52

پنجاب میں آج بھی دھند کے ڈیرے‘ حد نگاہ انتہائی کم‘ لاہور سے پروازیں اڑان نہ بھر سکیں
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 جنوری 2022ء ) صوبہ پنجاب میں آج بھی دھند کے ڈیرے ہیں ‘ جس کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پروازیں آج بھی اڑان نہ بھر سکیں ، حکام نے مسافروں کو اپنی پرواز سے متعلق معلومات حاصل کرکے ایئرپورٹ آنے کا مشورہ دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بُری طرح متاثر ہوا ہے کیوں کہ ایئرپورٹ پر حد نگاہ 800 میٹر سے بھی کم رہ گئی ہے ، جس کی وجہ سے لاہور سے دوحہ جانے والی پرواز کیو آر621 تاخیر کا شکار ہوگئی جب کہ لاہور سےٹورنٹو جانے والی فلائٹ پی کے 789 بھی اپنے مقررہ وقت پر پرواز نہ کرسکی۔

بتایا گیا ہے کہ لاہور سے استنبول جانے والی پرواز ٹی کے 715 دھند کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئی اور لاہور سے متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ جانے والی پرواز جی نائن 853 کو بھی دھند نے اڑان بھرنے سے روک دیا ، اسی طرح دوحہ سے لاہور آنے والی پرواز کیوآر 620 دھند کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئی اور استنبول سےلاہور آنے والی پرواز ٹی کے 715 اور راس الخیمہ سے لاہور آنے والی پرواز جی نائن 852 بھی اپنے مقررہ وقت تک لاہور نہ پہینچ سکی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حد نگاہ 500 میٹر رہ گئی جس کے باعث رن وے کو پروازوں کی لینڈنگ کےلیے بند کردیا گیا تھا ، رن وے بند ہونے کی وجہ سے ایئر ٹریفک کنٹرول حکام کی جانب سے 2 پروازوں کو اسلام آباد میں لینڈ کرنے کی ہدایت کی گئی ، ان میں سے ایک نجف سے آنے والی پرواز آئی ایف 341 ہے جس کو اسلام آباد کی جانب موڑ دیا گیا جب کہ دوسری پرواز شارجہ سے آنے والی پی اے 413 ہے جو لاہور پہنچی تو اسے اسلام آباد میں لینڈ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں