بزدار حکومت کا شہریوں کو کورونا سے محفوظ رکھنے کیلئے احسن اقدام،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فری ماسک مہم کا افتتاح کردیا

وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر صحت ، صوبائی وزیر قانون، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کو انکے محکموں کے افسروں اور عملے کیلئے ماسک دیئے ماسک اورسماجی فاصلہ ناگزیر،عوام کو کورونا کی نئی لہر سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرتے رہیں گے‘ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار

جمعرات 20 جنوری 2022 18:49

بزدار حکومت کا شہریوں کو کورونا سے محفوظ رکھنے کیلئے احسن اقدام،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فری ماسک مہم کا افتتاح کردیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2022ء) ہر شہری کیلئے فری ماسک،بزدار حکومت کا شہریوں کو کورونا سے محفوظ رکھنے کیلئے ایک اور احسن اقدام، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شہریوں میں فری ماسک تقسیم کرنے کی مہم کا افتتاح کردیا۔ وزیراعلیٰ آفس میں فری ماسک تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کو ان کے محکموں کے افسروں اور عملے کیلئے ماسک دیئے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی ماسک کورونا اورسموگ سے بچاؤ کیلئے مؤثر ثابت ہوںگے۔ماسک کا استعمال ہر شہری کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

کورونا سے محفوظ رہنے کیلئے ماسک پہننا ضروری ہے۔ پہلے فیز میں لاہو ر کے منتخب علاقوں میں فری ماسک تقسیم کرنے کی مہم شروع کی گئی ہے۔مرحلہ وار لاہوراورپورے پنجاب میں فری ماسک تقسیم کئے جائیں گے۔

سکولوں کے بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر فری ماسک مہیا کیے جائیںگے۔عوام کو کورونا کی نئی لہر سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے ماسک اورسماجی فاصلہ ناگزیر ہے ۔پنجاب کے ہر شہری کو واش ایبل کورونا ماسک مہیاکریںگے۔پوسٹ آفس کے ذریعے گھر گھر تک ماسک پہنچائے جائیںگے اور ماسک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے چیک پوائنٹس بھی قائم کیے جائیںگے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی طلباء کو آگاہی مہم کے لئے انٹرن شپ آفر کریںگے۔ فری ماسک آگاہی مہم کیلئے مذہبی سکالرز،فنکار اوردیگرعوامی شخصیات فلیگ مارچ بھی کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ امریکن کلودنگ برینڈ ہینس برینڈ ان کارپوریشن کافری ماسک فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کووڈ کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،کمشنر لاہور کی فری ماسک مہم قابل تقلید ہے۔

چیف سیکرٹری کامران افضل نے کہا کہ ماسک پہننے کی عادت کو پھر اپنانا ہوگا۔ لاہور اورگرد و نواح کے شہریوں کے لئے 2کروڑ واش ایبل ماسک پہنچ گئے۔ امریکی پرائیویٹ کلودنگ فرم نے واش ایبل ماسک کے 10کنٹینر عطیہ کیے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے افسران میں شیلڈیں بھی تقسیم کیں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹری اطلاعات،کمشنر لاہور ڈویژن اورمتعلقہ حکام بھی اس موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں