پنجاب حکومت نے سانحہ مری کی رپورٹ پبلک کر دی

محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے5 جنوری کو برفباری کی پیشگوئی کی، انتظامیہ نے میٹنگز کیں لیکن مری کیلئے پلانز پر عملدرآمد نہیں کیا، متبادل پلان نہ ہونے کے باعث 22 سیاح جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ سانحہ مری کی تحقیقاتی رپورٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 20 جنوری 2022 19:55

پنجاب حکومت نے سانحہ مری کی رپورٹ پبلک کر دی
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جنوری 2022ء) پنجاب حکومت نے سانحہ مری کی رپورٹ پبلک کر دی، رپورٹ میں بتایا گیا کہ محکمہ موسمیات، این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم نے 5 جنوری کو برفباری کی پیش گوئی کی، انتظامیہ نے میٹنگز کیں لیکن مری کیلئے بنائے گئے پلانز پر عملدرآمد نہیں کیا، متبادل پلان نہ ہونے کے باعث 22 سیاح جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت نے سانحہ مری کی رپورٹ پبلک کر دی ہے، تحقیقاتی کمیٹی نے10جنوری سے تحقیقات کا آغاز کیا۔

انکوائری رپورٹ میں بتایا گیا کہ محکمہ موسمیات، این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم نے 5 جنوری کو برف باری کی پیش گوئی کی، انتظامیہ نے میٹنگز کیں لیکن مری کیلئے بنائے گئے پلانز پر عملدرآمد نہیں کیا،7 جنوری کو صبح 11 بجے باڑیاں کلڈنہ روڈ پر ٹریفک جام ہونا شروع ہوئی، ٹریفک جام کی وجہ سے برف ہٹانے والی مشینری متعلقہ مقامات پر نہ پہنچ سکی۔

(جاری ہے)

7 جنوری کی رات  تک ضلعی انتظامیہ صورتحال کا صحیح ادراک نہ کرسکی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ انتظامیہ نے غیرمنظم طریقے سے کچھ سیاحوں کی مدد کی، انتظامیہ مشکلات میں گھرے بیشتر سیاحوں تک پہنچنے میں ناکام رہی، متبادل پلان نہ ہونے کی صورت میں 22 سیاح جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، پنجاب میں صرف ڈی جی پی ڈی ایم اے کو ایڈوائزری بھجی گئی، ڈی جی پی ڈی ایم اے کی سیٹ 3 جنوری سے خالی تھی، محکمہ موسمیات کی وارننگ پی ڈی ایم اے کے واٹس ایپ گروپ میں بھی شیئر کی گئی۔

یاد رہے گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب نے سانحہ مری کے ذمہ دار افسران کو عہدوں سے ہٹا دیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ کمیٹی کی سفارشات پر15 افسران کیخلاف انضباطی کارروائی کی جارہی ہے۔ سانحہ مری کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں غفلت اور کوتاہیوں کی نشاندہی کی تھی۔ 

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں