حکومت بنیادی سال کو تبدیل کرکے کارکردگی کو 10سال آگے لے آئی، اسحاق ڈار

عمران نیازی اور وزراء نے آسمان سر پر اٹھایا ہوا ہےکہ جی ڈی پی گروتھ میں اضافہ ہوگیا، قوم کو بتاؤ کہ بیس ایئر2005-06 کو تبدیل کرکے2015-16کیا گیا ہے، جس سے گروتھ 5.5 فیصد ہوگئی،پہلے خدمت کرو پھر کریڈٹ لو۔ سابق وزیر خزانہ کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 21 جنوری 2022 19:55

حکومت بنیادی سال کو تبدیل کرکے کارکردگی کو 10سال آگے لے آئی، اسحاق ڈار
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 جنوری 2022ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت بنیادی سال کو تبدیل کرکے کارکردگی کو 10سال آگے لے آئی، جی ڈی پی گروتھ میں اضافے سے متعلق عمران نیازی اوروزراء نے آسمان سر پر اٹھایا ہوا ہے، حقیقت میں بیس ایئر2005-06کو تبدیل کرکے 2015-16کردیاگیا، جس سے گروتھ 5.5 فیصد ہوگئی،پہلے خدمت کرو پھر کریڈٹ لو۔

انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ عمران نیازی اور ان کے وزراء نے آسمان سر پر اٹھایا ہوا ہے کہ جی ڈی پی گروتھ 5.3فیصد ان کے تیسرے سال کی مالی سال 2020-21 میں ریوائز ہوکر 5.57 پر چلی گئی ہے، ٹھیک مانتے ہیں، لوگ پوچھتے ہیں کہ اس کی وجوہات کیا ہیں۔

میں سادہ الفاظ میں بتانا چاہتا ہوں کہ سارے حساب کتاب یعنی کیلکولیشن کا ایک بنیادی سال ہوتا ہے، آج تک کا بیس ایئر2005-06تھا، جس کوانہوں نے تبدیل کرکے 2015-16کردیا، جس کے نتیجے میں 5.3ان کی تیسرے سال کی جی ڈی پی گروتھ 5.5 فیصد ہوگئی۔

(جاری ہے)

لیکن قوم کو یہ نہیں بتا رہے کہ بیس ایئر یعنی بنیادی سال کو تبدیل کیا گیا ہے، یہ بھی نہیں بتا رہے کہ ہمارادوسرا مالی سال جو1952کے بعد یعنی 0.39فیصد منفی گروتھ تھی، وہ اب ایک فیصد منفی گروتھ پر آگیا ہے، یہ بھی نہیں بتا رہے کہ مسلم لیگ ن کی آخری2018میں ڈکلیئر جی ڈی پی گروتھ 5.5 فیصد تھی وہ اب 6.1فیصد ہوگئی ہے۔یہ بیس ایئر کو تبدیل کرکے کارکردگی کو 10سال آگے لے آئے ہیں یہ 0.2فیصد اضافہ ہواہے۔

جبکہ ہمارے 2018کی جی ڈی پی گروتھ میں 0.6فیصد اضافہ ہوا ہے، حکومت کے پاس سارے نمبرز موجود ہیں۔ لیکن میں ان سے پوچھتا ہوں کہ آپ نے پاکستان میں مہنگائی کو قابو کرلیا ہے؟ آپ کی مہنگائی تو ابھی بھی ڈبل ڈیجٹ میں ہے، پچھلے مہینے کا آپ کا انڈیکس 12فیصد ہے۔ ملک میں روزگار کے مواقع مہیا کیے ہیں؟غربت میں کمی کردی ہے، پاکستان کے روپے کو مستحکم کردیا ہے؟ ساری تباہی تو ابھی بھی ویسے ہی چل رہی ہیں۔

پاکستان عوام کو اتنا سادہ نہ سمجھیں، اسی مالی سال میں جو آپ 5.57کہہ رہے ہیں، حکومت کے اعدادوشمار ہیں کہ اسی مالی سال میں نومبر دسمبر میں مہنگائی دیہاتوں میں 24فیصد اور شہروں میں 19 فیصد تھی لیکن اب ہم اس کو 2 فیصد پر لے آئے ہیں، خدا کا خوف کریں،پہلے چیزیں ٹھیک اور عوام کی خدمت کریں،پھر لمبے چوڑے کریڈٹ لیں۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ تین برس میں 5.37 فیصد کی جی ڈی پی گروتھ، جس کے باعث روزگار اور اس کے ساتھ فی کس آمدن میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے۔

اس پر میں اپنی حکومت کومبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات کے حوالے سے ہماری کامیابی کو عالمی پذیرائی میسر ہے۔ بلوم برگ خبر دے رہا ہےکہ پاکستان ترقی کی تیز رفتار اور اس کے ساتھ روزگار کی بلند سطح برقرار رکھے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں