اولیائے کرام نے روادار ی والے فلاحی معاشرے کی بنیاد رکھی، سید سعید الحسن شاہ

ہفتہ 22 جنوری 2022 13:17

اولیائے کرام نے روادار ی والے  فلاحی معاشرے کی بنیاد رکھی، سید سعید الحسن شاہ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 جنوری 2022ء) پنجاب کے وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے  سیکر ٹری اوقاف جواد اکرم،سیکر ٹری آرکیالوجی ثاقب منان، ڈی جی اوقاف طاہر رضا بخاری اور چیف لائبریریز پنجاب کے ہمراہ حضرت سخی ترت مراد رحمتہ اللہ علیہ کے197ویں سالانہ عرس مبارک کا مزار اقدس پر پھولوں کی چادر پوش کر کے افتتاح کیا  جس کے بعد ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔

وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اولیائے کرام نے افکار و تعلیمات کو مکمل طورپر احکامِ شریعت کے نہ صرف تابع قراردیا بلکہ تصوف کو شریعت کا امین اور نگہبان بنا کر پیش کیا اور یوں برصغیر میں ایک ایسے اسلامی مکتبِ تصوف کی بنیاد رکھی جِس کی بلندیوں پر ہمیشہ شریعت و طریقت کا پرچم لہراتا رہے گا۔

(جاری ہے)

اولیائے کرام نے رواداری والے  فلاحی معاشرے کی بنیاد رکھی جو اخوت،بھائی چارے،انسان دوستی،ایثار و محبت جیسے جذبوں سے آراستہ ہے۔

ان کے فکر و عمل کا یہ فیضان پورے خطے کو اسلامی تعلیمات کی روشنی سے منورکر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہم آہنگی اور بین المذاہب مکالمہ کے فروغ اور انتہا پسندی اور دہشت گردی جیسے عوامل کی بیخ کنی کے لئے ضروری ہے کہ ہم ان اولیائے کرام کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا نصب العین بنا کر ان پر عمل پیرا ہوں۔اولیائے کرام امن کے علمبر دار اور انسان دوستی کے امین ہیں۔

ان بزرگان دین کی در گاہیں آج بھی ظاہری و باطنی علوم کے عظیم مراکز کی حیثیت رکھتی  ہیں۔وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ان بزرگان دین کی تعلیمات کو اپنا کر ہم دوبارہ دنیا بھر میں اسلام کا پرچم بلند کر سکتے ہیں۔ پر امن بقائے باہمی کے قیام اور روادارانہ فلاحی معاشرے کے قیام کے لئے اولیائے کرام کی تعلیمات کی ترویج وقت کی اہم ضرورت اور خدمات مینارہ نور کی حیثیت رکھتی ہیں۔ اسلام پوری کائنات کے لیے امن وآشتی کا پیامبر ہے۔اس موقع پر محکمہ اوقاف نے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے۔عرس میں شرکت کے لئے لاہور اور دیگر شہروں سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جار ی رہا۔ کوروناوبا کے پیش نظر  انتظامیہ  کی طرف سےماسک کے استعمال پر سختی سےعمل در آمد پرکروایا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں