رانا ثنا اللہ کیخلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت19 فروری تک ملتوی

ہفتہ 22 جنوری 2022 23:15

رانا ثنا اللہ کیخلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت19 فروری تک ملتوی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2022ء) لاہور کی انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر و سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت اے این ایف کے سپیشل پراسیکیوٹر کی عدم دستیابی کے باعث 19 فروری تک ملتوی کردی، عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان سمیت وکلا کو دوبارہ طلب کر لیا۔

انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج محمد نعیم شیخ نے کیس کی سماعت کی، عدالت میں رانا ثنااللہ سمیت پانچ ملزمان نے عدالت کے روبرو حاضری مکمل کرائی۔پراسیکیوشن نے کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ مصروفیت کی وجہ سے سپیشل پراسیکیوٹر عدالت پیش نہیں ہو سکتے،استدعا ہے عدالت کیس کی سماعت ملتوی کرے۔

(جاری ہے)

عدالت نے پراسیکیوشن کی استدعا پر سماعت 19 فروری تک ملتوی کر دی۔

رانا ثنااللہ پر 15 کلو منشیات اسمگل کرنے کا الزام ہے، اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق رانا ثنا اللہ ایم این اے کے خلاف سی این ایس اے 1997 کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ،رانا ثنا اللہ کو اے این ایف حکام نے یکم جولائی 2019 میں موٹر وے پر ناکہ لگا کر منشیات کی بھاری مقدار کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔بعدازاں لاہور ہائیکورٹ سے رانا ثنااللہ ضمانت پر رہا ہوئے،اینٹی نارکوٹکس حکام نے رانا ثنااللہ کے خلاف مقدمہ کا چالان جمع کروا رکھا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں