چوہدری سرور کا بے نظیر‘ نوازشریف اور عمران خان کو وزیراعظم بنوانے کا دعویٰ

عمران خان سمیت ملک کے تین وزیراعظم میں نے بنوائے ، 1999ء میں نواز شریف شہباز شریف کو امریکہ اور برطانیہ کے ویزوں کی فراہمی میں بھی کردار ادا کیا۔ گورنر پنجاب کی صحافیوں سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 23 جنوری 2022 10:19

چوہدری سرور کا بے نظیر‘ نوازشریف اور عمران خان کو وزیراعظم بنوانے کا دعویٰ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 جنوری 2022ء ) گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بے نظیر‘ نوازشریف اور عمران خان کو وزیراعظم بنوانے کا دعویٰ کردیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سرور نے کہا کہ عمران خان اور ماضی کے 2 وزرائے اعظم کو عہدہ دلوانے میں اہم کردار ادا کیا ، عمران خان سمیت ملک کے تین وزیراعظم میں نے بنوائے ، 1999ء میں نواز شریف شہباز شریف کو امریکہ اور برطانیہ کے ویزوں کی فراہمی میں بھی کردار ادا کیا کیوں کہ پرویز مشرف نہیں چاہتے تھے کہ شریف برادران برطانیہ جائیں ، میں نے بینظیر بھٹو کو کامیاب کرنے کے لیے ان کا بہت ساتھ دیا انہیں وطن واپسی میں مدد کی اور 2013ء کی انتخابی مہم میں کام کرکے نوازشریف کو کامیاب کرایا ، اس کے علاوہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا اسٹیٹس دلانے کے لئے میں نے بہت محنت کی ، جس کے لیے بھارتی لابی کا مقابلہ کرنا بے حد ضروری ہے چوہدری سرور نے کہا کہ ہمارے ملک میں کسی پارٹی میں جمہوریت نہیں ہے ، پاکستان کا نظام ناکام نہیں ہوا بلکہ لوگ ناکام ہوئے ہیں ، جب ریاست کمزور اور لوگ مضبوط ہوجائیں تو ملک کے ایسے حالات ہوتے ہیں ، حالات کو بہتر کرنے کے لئے وقت چاہیے ہوتا ہے ، ہمیں بھی پھر مزید 5 سال دیئے جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ الیکشن اور خانیوال کے ضمنی الیکشن سے متعلق پہلے سے پارٹی کو بتا دیا تھا ہم ہاریں گے ، پنجاب میں پیپلز پارٹی پی ٹی آئی کے ووٹ کو نقصان پہنچا رہی ہے اور پہنچایا بھی ہے جب کہ شہباز شریف سے میری لڑائی صاف پانی کے معاملے پر ہوئی ، اگر شہباز شریف کے ساتھ میری لڑائی نہ ہوتی تو شائد میں ن لیگ نہ چھوڑتا۔ علاوہ ازیں اے آر وائی کے ٹاک شو میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ میں ہمیشہ سے ہی مفاہمت کا حامی رہا ہوں، پارٹی میں کھل کر اپنی رائے دیتا ہوں اور سمجھتا ہوں کہ پارٹی میں ہونے والی بحث کو میڈیا میں نہیں لانا چاہیے ، ملک میں مہنگائی ہے اور غریب آدمی پس رہا ہے لیکن حکومت نے صحت کارڈ کی شکل میں بڑا کام کیا ہے ، احساس پروگرام سے غریبوں کو ریلیف دیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں