وزیر اعظم عمران خان ، وزیر اعلی عثمان بزدار نے اپوزیشن کو کلین بولڈ کردیا ہے‘ حسان خاور

اپوزیشن کی گیدڑ بھبھکیاں اور آنیاں جانیاں پہلے بھی دیکھ چکے ہیں ‘ معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب

اتوار 23 جنوری 2022 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2022ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی عثمان بزدار نے اپوزیشن کو کلین بولڈ کردیا ہے،اپوزیشن کی گیدڑ بھبھکیاں اور آنیاں جانیاں پہلے بھی دیکھ چکے ہیں ، ان کے جلسوں،مارچوں اور بیانوں سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا وجود بھی نہ ہونے کے برابر ہے،پی ڈی ایم کھائو پیو قبیلے کا مردہ گھوڑا ہے اور اس میں جان ڈالنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عوامی جماعت ہے جس کی جڑیں ملک کے طول و ارض تک پھیلی ہوئی ہیں ،(ن)لیگ اور پیپلزپارٹی صرف مخصوص طبقہ کی نمائندہ جماعت اور صرف انہی کو نوازتی ہے،پی ٹی آئی پہلی مرتبہ غریب اور کمزور طبقات کو ترقی کی دوڑ میں شامل کر رہی ہے۔

حسان خاور نے کہا کہ احساس پروگرام سے کمزور طبقات کو تاریخی ریلیف دیا جا رہا ہے ،مضبوط معیشت کے ساتھ اب غریب اور کمزور طبقات کی حقیقی خدمت کے قابل ہوئے ہیں،مشکل وقت میں ساتھ دینے پر قوم کے شکر گزار ہیں،مہنگائی سمیت تمام مسائل قصہ پارینہ بننے جا رہے ہیں،مافیا اور مہنگائی سے پاک ملک کا خواب عملی تصویر بننے جا رہا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں