لاہور ؛ کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ کے قریب کار سے 164 کلو سے زائد منشیات پکڑی گئی

خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی میں خاتون سمیت 3 ملزمان گرفتار‘ منشیات اسمگلنگ میں ملوث بین الصوبائی گروہ کے کارندے بھی شامل ہیں‘ ملزمان پشاور سے پنجاب منشیات اسمگل کرتے تھے۔ اے این ایف حکام

Sajid Ali ساجد علی پیر 24 جنوری 2022 11:27

لاہور ؛ کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ کے قریب کار سے 164 کلو سے زائد منشیات پکڑی گئی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 جنوری 2022ء ) صوب پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے قریب واقع کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ کے مقام پر کار سے 164 کلوگرام سے زائد منشیات پکڑی گئی ، خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ، ملزمان پشاور سے پنجاب منشیات اسمگل کرتے تھے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انسداد منشیات فورس ( اے این ایف ) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کالا شاہ کاکو ٹول پلازا پر ایک مشکوک گاڑی کی تلاشی لی تو اس دوران کار سے 120 پیکٹ چرس اور 17 پیکٹ افیون برآمد ہوئی ، ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والی چرس کا وزن 144 کلو اور افیون کا ساڑھے 20 کلو گرام کے قریب ہے ۔

اے این ایف حکام نے بتایا کہ کار سوار خاتون مقدس الیاس عرف بلو اور منشیات اسمگلنگ میں ملوث بین الصوبائی گروہ کے 2 کارندوں قیصر اور گلزار کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ گزشتہ روز موٹر وے پر حادثے کا شکار گاڑی سے بھی بھاری مقدار میں منشیات پکڑی گئی ، موٹر وے پر حادثے کا شکار ہونے والی ایک گاڑی کی جب تلاشی لی گئی تو اس دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی ، اس حوالے سے نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ موٹر وے پر پشاور ٹول پلازہ سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر ایک گاڑی کے حادثے کی اطلاع پر موٹر وے پولیس امدادی کارروائی کے لیے موقع پر پہنچی تو گاڑی میں کوئی شخص موجود نہیں تھا ، جب موٹر وے پولیس کی ٹیم نے گاڑی کی تلاشی لی تو گاڑی کی ڈگی سے 36 کلو گرام چرس اور 30 کلو گرام افیون برآمد ہوئی ، موٹر وے پولیس نے مزید قانونی کارروائی کے لیے گاڑی اور برآمد شدہ منشیات پولیس اسٹیشن اکبر پورہ کے حوالے کر دی جب کہ ملزمان کی تلاش بھی شروع کر دی گئی۔

دوسری طرف صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پولیس کی بڑی کارروائی کے نتیجے میں 100 کلو چرس پکڑی گئی ، منشیات ٹرک کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی‘ جس کو پولیس کو ملنے والی خفیہ اطلاع کے نتیجے میں پکڑا گیا ، جس کے لیے خیبر پولیس کی جانب سے تحصیل باڑہ کے علاقے شلوبر چوک میں کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے نتیجے میں بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی گئی ، یہ منشیات ٹرک کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی جس میں 100 کلوگرام چرس شامل ہے ، منشیات کو باڑہ پولیس کو ملنے والی خفیہ اطلاع کے نتیجے میں شلوبر چوک میں عمل میں کی گئی ایک کارروائی کے نتیجے میں پکڑا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں