شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کا تحریری حکم جاری

منگل 25 جنوری 2022 00:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2022ء) بینکنگ جرائم کورٹ نے ایف آئی اے کے منی لانڈرنگ مقدمے میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کا تحریری حکم جاری کر دیا۔بنکنگ جرائم عدالت کے جج سردار طاہر صابر نے تحریری حکم جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے ملزموں کو عبوری ضمانت کیلئے مناسب وقت دینے کی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔

(جاری ہے)

کرونا مثبت رپورٹ کے باعث شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی گئی۔ایف آئی اے کی درخواست پر کیس کو متعلقہ کورٹ منتقل کیا گیا لیکن ایف آئی اے نے متعلقہ عدالت میں کیس کا چالان جمع کرانا تھا جو تاحال نہیں ہوا۔ایف آئی اے کے وکیل نے بتایا کہ ڈائریکٹر لیگل ایف آئی اے کے کرونا میں مبتلا ہونے کے سبب چالان متعلقہ عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے جہاں چالان جمع کروائے گا شہباز شریف اور حمزہ شہباز اٹھائیس جنوری تک اسی عدالت میں عبوری ضمانت دائر کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں