لاہور میں صحافی کو کرائے کے قاتلوں سے قتل کروانے کا انکشاف

حسنین شاہ کو کرائے کے ماہر حملہ آوروں کی مدد سے قتل کروایا گیا ‘ واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے‘ سی سی ٹی وی فوٹیجز سے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں ، ابتدائی رپورٹ آئی جی پنجاب کو ارسال کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 25 جنوری 2022 13:48

لاہور میں صحافی کو کرائے کے قاتلوں سے قتل کروانے کا انکشاف
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 جنوری 2022ء ) لاہور میں صحافی کے قتل کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ میں کئی انکشافات سامنے آگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں نجی ٹی وی رپورٹر حسنین شاہ کے قتل کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ آئی جی پنجاب کو ارسال کردی گئی ، جس میں بتایا گیا ہے کہ حسنین شاہ گھرسے دفتر کیلئے نکلے تو شملہ پہاڑی کے قریب نشانہ بنایا گیا ، انہیں 2 موٹرسائیکل سواروں نے گولیاں ماریں ، حسنین شاہ کے سینے اور پیٹ میں 8 سے زائد گولیوں کے نشان ہیں ، ان کو ماہر حملہ آوروں کی مدد سے قتل کرایا گیا ۔

ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے ، حسنین شاہ کے موبائل کی سی ڈی آر بھی نکلوا لی گئی ہے ، سی سی ٹی وی فوٹیجز سے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشرہ روز لاہور پریس کلب کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے صحافی جاں بحق ہو گیا ، حسنین شاہ بطور کرائم رپورٹر نجی ٹی وی سے منسلک تھے ، حسنین شاہ پر فائرنگ اس وقت کی گئی جب وہ گاڑی پارک کر رہے تھے ، دو نامعلوم افراد موٹرسائیکل پر سوار تھے، شملہ پہاڑی ڈیوس روڈ پر کار سوار کو گولیاں مار کر ملزمان فرار ہو گئے، کار سوار موقع پر ہی دم توڑ گیا جس کی شناخت حسنین شاہ کے نام سے کی گئی جو بطور صحافی کام کر رہے تھے ، پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا جب کہ صحافیوں کی جانب سے وزیراعلیٰ اور پنجاب پولیس کے سربراہ سے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے لاہور پریس کلب کے کونسل ممبر اور سینئر کرائم رپورٹر حسنین شاہ کے قتل پر اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافی حسنین شاہ کا قتل ایک بہیمانہ فعل ہے ، صحافی حسنین شاہ کے قاتل جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے ،صحافی حسنین شاہ کے لواحقین اورخاندان کے دیگر افراد کے غم میں برابر کیشریک ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں