پنجاب حکومت نے سو بچوں کے قاتل جاوید اقبال پر بنائی جانے والی فلم کی ریلیز روک دی

فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان پنجاب سمیت تمام سنسر بورڈز کے پاس کرنے کے بعد کیا گیا تھا،امید ہے حکومت فلم ریلیز کرنے کی اجازت دے گی تاکہ ایسی فلموں سے معاشرے میں جاوید اقبال جیسے شہروں کی شناخت ہو سکے۔فلم میں کام کرنے والی ادکارہ عائشہ عمر کا بیان

Muqadas Farooq مقدس فاروق اعوان جمعرات 27 جنوری 2022 17:20

پنجاب حکومت نے  سو بچوں کے قاتل جاوید اقبال پر بنائی جانے والی فلم کی ریلیز روک دی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جنوری2022ء) حکومت نے پاکستان میں سو بچوں کے سلسلہ وار قاتل جاوید اقبال پر بنائی جانے والی فلم کی ریلیز روک دی،فلم 28 جنوری کو ریلیز ہونا تھی تاہم دو دن پہلے پنجاب حکومت نے ریلیز روکتے ہوئے فلم کا دوبارہ جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔جاوید اقبال پر بنائی جانے والی فلم 'جاوید اقبال: ایک سلسلہ وار قاتل کی ان کہی کہانی میں خوبرو اداکارہ عائشہ عمر نے   پولیس انسپکٹر کا کردار نبھایا جبکہ یاسر حسین فلم میں قاتل کے کردار میں نظر آئیں گے۔

اداکارہ عائشہ عمر نے فلم کو ریلیز ہونے سے روکنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں اس فیصلے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ  پنجاب سمیت تمام سنسر بورڈز کے پاس کرنے کے بعد فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم کراچی پریمیئر کے فوراً بعد اور فلم کی ریلیز سے 2 دن پہلے  پنجاب حکومت نے ریلیز روکنے اور اس کا دوبارہ جائزہ لینے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات ،اور حقیقی خوفناک واقعات پر مبنی کہانیوں پر بنائی گئی فلمیں جاوید اقبال جیسے سائیکو پیتھ سیریل کلرز کی نفسیات کو بے نقاب کرتی ہیں۔اس طرح کی فلموں سے معاشرے کے تاریک پہلوؤں پر روشنی ڈالی جاتی ہے۔بچوں کے اغوا، قتل اور زیادتی جیسے مسائل پر بات کی جاتی ہے۔اس طرح کے موضوعات پر فلمیں بنانے اور دیکھنے کی ضرورت ہے،مجھے امید ہے حکومت سینما گھروں کی بحالی کے لیے اچھا فیصلہ کرے گی، تاکہ اس طرح کی فلموں سے معاشرے میں جاوید اقبال جیسے چہروں کی شناخت ہو سکے۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ فلم کے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کی جانب سے اس حوالے سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ہارر تھرلر فلم ’جاوید اقبال: دی اًن ٹولڈ اسٹوری آف آ سیریل کلر' کے پریمیئر کی رنگا رنگ تقریب کراچی میں منعقد کی گئی تھی۔یاسر حسین اور عائشہ عمر کی ہارر تھرلر فلم ’جاوید اقبال: دی اًن ٹولڈ اسٹوری آف آ سیریل کلر' کو ابتدائی طور پر گزشتہ ماہ دسمبر 2021 کے آغاز میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

تاہم گزشتہ ماہ ہولی وڈ فلموں کی سینماو?ں میں نمائش کی وجہ اسے ریلیز نہیں کیا گیا تھا مگر گزشتہ ہفتے یاسر حسین اور فلم کی ٹیم نے اسے 28 جنوری کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ’جاوید اقبال: دی اًن ٹولڈ اسٹوری آف آ سیریل کلر' کو ایک ایسے وقت میں ریلیز کیا جا رہا ہے جب کہ پاکستان کو کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کا سامنا ہے۔کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث حکومت نے کورونا سے زیادہ متاثر شہروں میں نئی پابندیوں کا اعلان کر رکھا ہے۔

حکومت کے اعلان کے مطابق ویکسینیشن کروانے والے 50 فیصد افراد کو سینماو?ں میں جانے کی اجازت ہوگی یعنی سینما مالکان 100 افراد کی گنجائش پر صرف 50 افراد کو ٹکٹ فراہم کریں گے۔فلم کا ٹریلر 8 دسمبر 2021 کو جاری کیا گیا تھا، جس میں مرکزی کردار ’جاوید اقبال‘ یعنی یاسر حسین کو جہاں اعتراف جرم کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

لاہور شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments