لاہور کی مصروف شاہراہ پر خاتون کو ہراساں کرنے پر ٹریفک اہلکار معطل

مال روڈ پر ٹریفک پولیس اہلکار نے ایک خاتون اور اس کی بیٹی کو حراساں کیا،اہلکار نے خاتون اور اس کی بیٹی کو غیر اخلاقی اشارے کئے، سٹی ٹریفک پولیس نےسمیع اللہ نامی اہلکار کو معطل کردیا

Umar Nawaz عمر نواز منگل 17 مئی 2022 14:48

لاہور کی مصروف شاہراہ پر خاتون کو ہراساں کرنے پر ٹریفک اہلکار معطل
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 مئی 2022ء ) لاہور کی مصروف شاہراہ پر خاتون کو ہراساں کرنے پر ٹریفک اہلکار معطل، مال روڈ پر ٹریفک پولیس اہلکار نے ایک خاتون اور اس کی بیٹی کو حراساں کیا،اہلکار نے خاتون اور اس کی بیٹی کو غیر اخلاقی اشارے کئے۔تفصیلات کے مطابق لاہور کی رہائشی خاتون مریم خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرکچھ تصاویر شیئر کیں جس میں لاہور کی مصروف ترین شاہراہوں میں سے ایک مال روڈ پر ایک موٹر سائیکل پر لاہور ٹریفک پولیس اہلکار کو دن دیہاڑے ہراساں کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس اہلکار نے اپنی موٹر سائیکل خاتون کی گاڑی کے پاس ایک سگنل پر کھڑی کی اور اسے اور اس کی بیٹی کو غیر اخلاقی اشارے کئے۔مریم خان نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ یہ تصویریں آج دوپہر 12.30 بجے لاہور کے مال روڈ پر سمیع اللہ نامی ٹریفک پولیس افسر کی ہیں، جو مجھے اور میری بیٹی کو اس وقت ہراساں کر رہے ہیں جب ہم جی او آر ون سے پہلے ٹریفک اشارے پر رکے تھے۔

(جاری ہے)

خاتون نے اپنی ٹویٹ میں سٹی ٹریفک پولیس لاہور کو ہراساں کرنے والے اہلکار کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے ٹیگ کیا تھا ۔
ویب سائٹ (دی کرنٹ) سے بات کرتے ہوئے پبلک ریلیشن آفیسر رانا عارف کا کہنا ہے کہ پولیس افسر سمیع اللہ کو معطل کر دیا گیا ہے اوراس کے خلاف انکوائری جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انکوائری رپورٹ کے مطابق اگلی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ پورے مال روڈ پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں اور یہ معلوم کرنا بہت آسان ہو جائے گا کہ اصل واقعہ کیا ہوا ہے۔ قبل ازیں مریم خان کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے ترجمان لاہور ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ میڈم اگر آپ کو کسی ٹریفک پولیس اہلکار کے بارے میں کوئی شکایت ہے۔ آپ راستہ ایپ پر شکایت درج کر سکتے ہیں جو کہ صحیح فورم ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں