حمزہ شہباز خود پنجاب میں کابینہ نہیں چاہتے‘مونس الٰہی

حمزہ شہباز ایسی مرغی ہیں جو سارے انڈوں پر خود بیٹھنا چاہتی ہے مگر یہ پنجاب ہے ان کا پولٹری فارم نہیں سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد یہ وزارت اعلیٰ کی کرسی پر ایک سیکنڈ کیلئے بھی نہیں بیٹھ سکتے‘حمزہ شہباز کی پریس کانفرنس پر ردعمل

جمعرات 19 مئی 2022 23:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2022ء) سابق وفاقی وزیر و سینئر رہنما پاکستان مسلم لیگ مونس الٰہی نے حمزہ شہباز کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ حمزہ شہباز خود پنجاب میں کابینہ نہیں چاہتے، وہ تمام اختیارات اپنے ہاتھ میں رکھنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سب محکموں سے میٹنگز اور کابینہ کی غیر موجودگی میں محکموں پر اپنی مرضی کے فیصلے ٹھونسنا اس کا ایک ثبوت ہے، اس امر کا دوسرا ثبوت یہ ہے کہ اگر وہ واقعی کابینہ کیلئے سنجیدہ ہوتے تو جس طرح انہوں نے اپنا حلف سپیکر قومی اسمبلی سے اٹھایا تھا وہ اپنی کابینہ کو بھی کسی اور سے اسی طرح حلف دلوا دیتے۔

مونس الٰہی نے مزید کہا کہ حمزہ شہباز ایک ایسی مرغی ہیں جو سارے انڈوں پر خود بیٹھنا چاہتی ہے مگر یہ پنجاب ہے ان کا پولٹری فارم نہیں، ہم پنجاب میں یہ ون مین شو نہیں چلنے دیں گے، حمزہ شہباز ہوا میں انگلی لہراتے رہتے ہیں مگر صرف انگلی لہرانے سے حکومت نہیں چلا کرتی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد حمزہ شہباز وزارت اعلیٰ کی کرسی پر ایک سیکنڈ کیلئے بھی نہیں بیٹھ سکتے، ان کا وزیراعلیٰ کے منصب پر رہنا بلا جواز اور غیر قانونی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں