آئی جی پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں منشیات کی لعنت کے قلع قمع کیلئے پولیس ٹیموں کی کاروائیاں جاری

ماڈرن نشہ آور منشیات شیشہ، آئس، چرس، ہیروئن اور شراب کی تیاری، خریدو فروخت اور استعمال پر کریک ڈاؤن میں تیزی

جمعرات 19 مئی 2022 21:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2022ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان کی ہدایت پر صوبہ بھر میں منشیات کی لعنت کے جڑ سے خاتمے کیلئے کریک ڈائون جاری ہے اور منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث اسمگلرز، ڈیلرز اور دیگر مجرمان کے خلاف تیز ترین کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں ۔ آئی جی پنجاب نے صوبے کے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ اس خطرناک کاروبار میں ملوث بڑے گروہوں کی گرفتاری کیلئے سپروائزری افسران ذاتی نگرانی میں ایکشن پلان تشکیل دیں اور سماج دشمن عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز کئے جائیں ۔

رائو سردار علی خان نے کہاکہ ماڈرن نشہ آور منشیات بالخصوص شیشہ،آئس،چرس، ہیروئن اور شراب کے استعمال پر کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے ہر حد تک محفوظ رکھا جاسکے۔

(جاری ہے)

راؤ سردارعلی خان نے ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر میں تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں منشیات کے استعمال اور خریدوفروخت میں ملوث افراد کے خلاف کاروائیوں کوتیز کیا جائے اور سپلائی چین دینے والے سفاک ملزمان کو قانون کی گرفت میں لاکر سخت سزائیں دلوائی جائیں۔

ترجمان پنجاب پولیس نے رواں برس کے دوران صوبے کے تمام اضلاع میں منشیات فروشوں کے خلاف ہونے والی کاروائیوں کی تفصیل بارے بتایا کہ سال رواں کے دوران اب تک منشیات کی سپلائی چین میں ملوث اسمگلرز اور ڈیلرز کے خلاف 18883 مقدمات درج کیے ہیں اور اس مکروہ دھندے میں ملوث 19218 منشیات فروشوں، سمگلرز اور مجرمان کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے 9215.741 کلو گرام چرس،270 کلو گرام ہیروئن، 19604 گرام آئس اور 380964 لیٹر شراب برآمد کی گئی ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں منشیات فروشوں کے خلاف رواں برس اب تک2840 مقدمات درج کرتے ہوئے 2869 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ لاہور میں گرفتار افراد کے قبضے سے 1193.211کلو گرام چرس،22کلو ہیروئن، 3601 گرام آئس اور 21060 لیٹر شراب برآمد کی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ محکمہ سکول و ہائر ایجوکیشن کے تعاون سے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں جاری آگاہی مہم کو بھی مزید موثر بنایا جائے تاکہ طلبا و طالبات اور شہریوں کو منشیات کی تباہ کاریوں سے ہر ممکن حد تک محفوظ رکھا جاسکے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ منشیات کے قلع قمع کیلئے سرگرم دیگر سرکاری اداروں کے ساتھ انفارمیشن شئیرنگ اور کوارڈی نیشن کو بھی بہتر بنایا جائے تاکہ منشیات فروشوں کی کاروائیوں کے خاتمے میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں