وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف منشیات برآمدگی کیس

ہفتہ 21 مئی 2022 23:07

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف منشیات برآمدگی کیس
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2022ء) لاہور کی انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر و وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف منشیات برآمدگی کیس میں رانا ثنائ اللہ کی طرف سے منجمند پراپرٹی اور اکاؤنٹس کھولنے کے لیے دائر درخواست پر اے این ایف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج محمد نعیم شیخ نے کیس کی سماعت کی ہفتہ کے روز سماعت پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنائ اللہ اور دیگر ملزمان نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر اپنی حاضری لگائی۔

اس موقع پر سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے عدالت میں رانا ثناء اللہ کے وکیل فرہاد علی شاہ نے اے این ایف کی جانب سے رانا ثناء اللہ کی منجمد پراپرٹی اور اکاؤنٹس کھولنے کی درخواست دائر کی،انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اے این ایف کا موقف ہے رانا ثناء اللہ دس سال سے منشیات کا کاروبار کررہا ہے،بنک اکاونٹس اور پراپرٹی دس سال پہلے کے ہیں،اے این ایف نے حقائق کے برعکس انکو منجمد کر رکھے ہیں،اکاونٹس منجمد ہونے سے شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،بنک اکاؤنٹ میں بطور ممبر قومی اسمبلی ملنے والی تنخواہ جمع ہوتی ہے،عدالت پراپرٹی اور بنک اکاونٹس بحال کرنے کا حکم دے،رانا ثنائ اللہ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اے این ایف نے دس سال پرانے اکاؤنٹس اور پراپرٹی کو سیل کر رکھا ہے،پہلے اکاؤنٹس کو ڈی سیل کیا جائے پھر فرد جرم کی کارروائی کی جائے عدالت نے دائر درخواست پر اے این ایف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر وکلاء کو بھی آئندہ سماعت پر دلائل پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے مزید سماعت 25 جون تک ملتوی کردی رانا ثناء اللہ پر 15 کلو منشیات اسمگل کرنے کا الزام ہے اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق رانا ثنا اللہ کے خلاف سی این ایس اے 1997ء کی دفعات 9 سی، 15 اور دفعہ17 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ،رانا ثناء اللہ کو اے این ایف حکام نے یکم جولائی 2019 ء میں موٹر وے پر ناکہ لگا کر منشیات کی بھاری مقدار کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔بعدازاں لاہور ہائیکورٹ سے رانا ثناء اللہ ضمانت پر رہا ہوئے۔اینٹی نارکوٹکس حکام نے رانا ثنائ اللہ کے خلاف مقدمہ کا چالان جمع کروا رکھا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں