بیوروکریسی اور پولیس اپنی سمت درست کر لے، وقت بدل رہا ہے‘چودھری پرویزالٰہی

شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے پنجاب کو پولیس اسٹیٹ بنا دیا ہے، حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے اور انتقامی اقدامات اب نہیں چلیں گے‘پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب

اتوار 22 مئی 2022 21:00

لاہور(این این آئی پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، پارلیمانی لیڈر پی ٹی آئی سبطین خان، سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار، محمد بشارت راجہ، ڈاکٹر مراد راس، میاں اسلم اقبال، محمود الرشید سمیت دونوں جماعتوں کے تمام ارکان پنجاب اسمبلی شریک ہوئے۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں آئی جی پنجاب پولیس اور پولیس کی انتقامی کارروائیوں کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی گئی۔ دوسری قرارداد میں اسمبلی آفیسرز کے گھروں پر چھاپوں اور پولیس گردی کی مذمت کی گئی۔ اپنے خطاب میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بیوروکریسی اور پولیس اپنی سمت درست کرلے، وقت بدل رہا ہے، پولیس کے اسمبلی افسران اور ملازمین کے گھروں پر چھاپے قابل مذمت ہیں، شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے پنجاب کو پولیس اسٹیٹ بنا دیا ہے، حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے اور انتقامی اقدامات اب نہیں چلیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ میرے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی اور میں سرخرو ہوکر نکلا، عوامی، دینی اور قومی ایشوز پر میری چار سالہ کارکردگی پر ارکان نے ایک بار پھر اعتماد کا اظہار کیا۔ پارلیمانی لیڈر پی ٹی آئی سبطین خان نے کہا کہ آج ن لیگ بدترین شکست سے دو چار ہوئی، امپورٹڈ حکمرانوں کی نااہلی چند ہفتوں میں ہی عیاں ہوگئی۔

قبل ازیں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی، سیکرٹری کوآرڈی نیشن عنایت اللہ لک کے گھروں پر چھاپوں اور ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز حسین کی گرفتاری پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے اسمبلی سیکرٹریٹ کا کنٹرول سنبھالا اور ملازمین کو بھی اندر جانے سے روکا، پولیس یہ تمام تر ایکشن شہباز شریف کے حکم پر کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت بوکھلاہٹ میں آئین اور قانون کے خلاف اقدامات کر رہی ہے، جس سے شریفوں کا اصل چہرہ قوم کے سامنے آچکاہے۔ ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق آج علی الصبح پنجاب پولیس نے ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز حسین کو ان کے گھر میں زبردستی گھس کر گرفتار کیا اور اس کے بعد سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور سیکرٹری کوآرڈی نیشن عنایت اللہ لک کے گھر کے دروازے توڑ کر پنجاب پولیس اندر داخل ہوئی۔ چھاپوں کے دوران پولیس نے توڑ پھوڑ کی اور افسران کے اہل خانہ کو بھی ہراساں کیا۔ افسران کی غیر موجودگی کی وجہ سے پولیس انہیں گرفتار نہ کر سکی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں