پولیس کے جوان کو گولی مارے جانے پر عمران خان اور دیگر قیادت کے خلاف مقدمہ ہونا چاہیے‘رانامشہود

احتجاج کرنا ہر ایک کا جمہوری حق ہے مگر اس آڑ اشتعال اور انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘ میڈیا سے گفتگو

منگل 24 مئی 2022 15:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2022ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنمارانا مشہود نے کہا ہے کہ لاہور میں پولیس کے جوان کو گولی مارے جانے پر عمران خان اور دیگر قیادت کے خلاف مقدمہ ہونا چاہیے ۔نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ احتجاج کرنا ہر ایک کا جمہوری حق ہے مگر اس آڑ اشتعال اور انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اداروں کے خلاف بولنے، انتشار پھیلانے اور قانون شکنی کی اجازت کسی کو نہیں دی جاسکتی۔ رانا مشہود نے کہاکہ اتنی زیادہ گرفتاریاں ہوئیں جتنا پراپیگنڈا کیا جارہا ہے ،یہ جھوٹے لوگ ہیں، ایک طرف کہتے ہیں کہ استعفے دیدیا اور دوسری طرف عدالتوں میں کہتے ہیں کہ اراکین اسمبلی کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف، شہباز شریف ،مریم نواز اور دوسرے لیگی رہنمائوں کے خلاف انہوں نے ظلم کے پہاڑ توڑے لیکن اس کے باوجود ہم نے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

(جاری ہے)

اب عمران خان دم دبا کر بھاگ کر پشاور جابیٹھے ہیں،سوشل میڈیا پر لوگوں کو اکسانے اور اداروں کے خلاف باتیں کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔ورلڈ اسنوکر چمپئن احسن رمضان کی حوصلہ افزائی کے لیے منعقدہ پریس کانفرنس میں رانا مشہود نے کہا کہ رمیض راجہ کے ساتھ کرکٹ کھیلے ہوئے ہیں اس لئے ان کے ساتھ نرم رویہ اختیار کررکھا ہے،جون تک نئے چیئرمین کے حوالے سے پیشرفت سامنے آجائے گی،نئے چیئر مین پی سی بی کے ناموں پر کا م شروع ہوچکا ہے۔

میری ذاتی رائے میں نجم سیٹھی چیئرمین پی سی بی کے لئے سب سے بہتر چوائس ہیں،وہ اس سے پہلے بھی بہت اچھا کام کرچکے ہیں۔رانا مشہود نے واضح کیا کہ تحریک انصاف حکومت کے جانے کے بعد بہتر تھا کہ رمیض راجہ خود ہی گھر چلے جاتے۔ رانا مشہود نے پی سی بی کے احتساب کا بھی عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چار برس میں کرکٹ بورڈ میں جو کچھ ہوا اس کا حساب کتاب لیں گے اور بورڈ میں جو کچھ کیا گیا اس پراحتساب کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں